شعبۂ امراضِ نفسیات جے این یو میڈیکل کالج اے ایم یوعلی گڑھ کے طلباء و اساتذہ نے شعبہ کا نام بلند کیا:ڈاکٹر سہیل احمد اعظمی۔ 

12:38PM Mon 13 Feb, 2017

علی گڑھ ، (بھٹکلیس نیوز)شعبۂ امراضِ نفسیات جے این یو میڈیکل کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر سہیل احمد اعظمی نے ایک مخصوص نشست میں شعبہ کے اساتذہ اور طلباء کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ’’ہمارے شعبے کے اساتذہ اور طلباء نے شعبے کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ نہایت قابلِ ستائش ہیں ان کی وجہ سے شعبہ کا نام بلند ہوا ہے۔اسسٹینٹ پروفیسر ڈاکٹر عثمانی،سینئر ریزیڈینٹ ڈاکٹر عابد رضوی،اور سابق جونیئر ریزیڈینٹ ڈاکٹر کرار نے امریکہ میں منعقدہ ای سی ایف ایم جی کے امتحان میں پاس ہوکر شعبہ کا وقار بلند کیا ہے۔اس کے علاوہ شعبے کی رسرچ اسکالرکہکشاں اور سابق سینئر ریزیڈینٹ ڈاکٹر ریاض الدین کا لوک سیوا آیوگ میں اسسٹنیٹ پروفیسر کی حیثیت سے تقرر ہونا شعبے کے طلباء اور اسٹاف کے لئے مقامِ فخر ہے اس سے طلباء میں کمپٹیشن دینے کا جذبہ مزید پیدا ہوتا ہے۔شعبے کے طلباء اور اسٹاف خدمتِ خلق،تعلیم اور رسرچ کے حوالے سے قابلِ ستائش کام انجام دے رہے ہیں ان کی کوشش ہے کہ ان کے رسرچ ورک سے سماج اور قوم کو فائدہ حاصل ہوسکے۔بلا شبہ رسرچ پیپر اور کتابوں کی اشاعت قابلِ تعریف ہے لیکن یہ ضروری ہے کہ ان کے ذریعے سماج کو ایک نئی سمت و رفتار حاصل ہو اور مثبت فکر پیدا ہو‘‘۔انھوں نے مزید کہا کہ’’شعبہ امراضِ نفسیات کو’’انسٹیٹیوٹ آف سائکیٹری‘‘اور ’’الائڈ سائنسیز‘‘بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ہمیں پورا یقین ہے کہ اے ایم یو انتظامیہ اور برادری سے اس سلسلے میں معاونت حاصل ہوگی۔جلد ہی شعبہ سے ایک ٹیم بنگلور،ممبئی اور چینئی کے لئے روانہ کی جائے گی جو وہاں کے اداروں اور ماہرینِ امراضِ نفسیات سے ملاقات کرکے شعبے کی توسیع کے لئے مشورے کرے گی۔