انجمن ڈگری کالج کے زیر اہتمام یونیورسٹی سطح کے شیٹل بیڈ منٹن ٹورنامنٹ کا آغاز

02:57PM Tue 19 Feb, 2019

بھٹکل: 19 فروری، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سینٹر کے زیر اہتمام آج صبح کالج کیمپس میں یونیورسٹی سطح کے سہ روزہ شیٹل بیڈ منٹن ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا ۔اس کے لیے آج صبح افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ہبلی لاء کالج کے فیزیکل ڈائیریکٹر  ڈاکٹر خالد خان  صاحب نے شرکت کی جبکہ  اعزازی مہمان کی حیثیت سے  بھٹکل کمیونٹی جدہ کے صدر محمد یاسین عسکری  صاحب  شریک تھے۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر خالد صاحب نے اس موقع   پر کھیلوں کی اہمیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ کھیل انسانی زندگی کے لیے نہایت ضروری ہیں ،انہوں نے طلبہ کو پوری دلجمعی کے ساتھ ان مقابلوں میں شرکت کرنے کی ترغیب دی اور انجمن انتظامیہ کو ایسے کھیلوں کے انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔ بھٹکل کمیونٹی جدہ کے صدر جناب محمد یاسین عسکری صاحب نے بھی طلبہ کے لیے کھیل کود کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دماغ چست ہوتا ہے اور جب دماغ چست ہوتا ہے تو  پھر پڑھائی میں  بھی دل لگتا ہے۔موصوف نے اس موقع پر طلبہ سے کہا کہ وہ ہار اور جیت کو نہ دیکھیں بلکہ کھیل میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اس لیے کہ  ہار اور جیت کھیل کے دو  لازمی جزء ہیں ۔ کالج بورڈ سکریٹری جناب محسن شابندری صاحب نے بھی  اس موقع پر اپنے خیالات ظاہر کیے اور کہا کہ یہ انجمن کے صد سالہ اجلاس کے پروگرامات کی ہی ایک کڑی ہے جو کہ سال بھر چلیں گے،انہوں نے ان مقابلوں کا مقصد طلبہ میں چستی پیدا کرنا اور انجمن کے تعلق سے انہیں آگاہ کرنا بتایا ۔موصوف نے بیڈ منٹن کو ہر موسم اور ہر عمر میں کھیلا جانے والا کھیل قرار دیا اور کہا کہ اس کو کھیلنے والے ہمیشہ چاق و چوبند رہتے ہیں۔انہوں نے تمام حاضرین کا استقبال کرتے ہوئے بھٹکل کے عوام کو ان طلبہ کی ہمت افزائی کرنے کی درخواست کی۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے انجمن کے نائب صدر-اول جناب عبدالرحیم دامودی صاحب نے کہا کہ یہ انجمن کے لیے نہایت ہی خوشی کا موقع ہے کہ انجمن  کے طلبہ نے حال ہی میں بیڈ منٹن کے ایک مقابلے میں پہلا مقام حاصل کرنے کے بعد یہ مقابلہ منعقد کیا ہے۔انہو ں نے تمام طلبہ اور حاضرین کا اس موقع پر شکریہ ادا کیا  اور تمام مساہمین کے لیے نیک خواہشات ظاہر کیں۔ ڈائس پر مذکورہ حضرات کے علاوہ جنرل سکریٹر ی انجمن جناب صدیق اسماعیل صاحب، ایڈیشنل جنرل سکریٹری جناب اسحاق شابندری صاحب،  کالج پرنسپال مشتاق صاحب،روٹری ممبران وغیرہ موجود تھے۔