للت مودی تنازعہ سے سیاسی بھونچال، سی ایم وسندھرا راجے کو گنوانی پڑ سکتی ہے کرسی
08:51AM Fri 19 Jun, 2015
جے پور18جون(آئی این ایس انڈیا(
راجستھان کی وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے پر مصیبت کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق للت مودی تنازع میں نام آنے پر وسندھرا راجے کو سی ایم کی کرسی گنوانی پڑ سکتی ہے۔انڈیا ٹوڈے کو ملی معلومات کے مطابق وسندھرا راجے کو للت مودی تنازع کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق بی جے پی ان کے معاملے کو سشما سوراج کے معاملے سے الگ رکھ کر دیکھ رہی ہے۔پہلے بھی ایسی بحث تھی کہ بی جے پی اس معاملے میں وسندھرا راجے کا دفاع کرنے کی کوشش نہیں کرے گی۔پارٹی چاہتی ہے کہ وسندھرا خود آگے آکر اپنا موقف رکھیں۔بدھ کو للت مودی پر تنازع بڑھنے کے بعدوسندھرا نے بی جے پی کے صدر امت شاہ سے ملنے کا وقت مانگا، پر فون پر دونوں کی بات ہوئی۔پارٹی اب وسندھرا سے پلہ جھاڑتی نظر آ رہی ہے۔غور طلب ہے کہ آج تک کو دئے خصوصی انٹرویو میں للت مودی نے وسندھرا راجے کو پرانی خاندانی دوست بتایا۔یہی نہیں للت نے کہا کہ وسندھرا نے ہر موقع پر ان کا ساتھ دیا، یہاں تک کہ پرتگال میں ان کی بیوی کے علاج کے دوران بھی وسندھرا ان کے ساتھ تھی۔خاص بات یہ بھی ہے کہ پرانے خاندانی رشتوں کے درمیان وسندھرا کے بیٹے دشینت کے ساتھ للت مودی کے کاروباری رشتے کی بات بھی سامنے آئی۔وسندھرا نے اس پورے معاملے میں للت مودی سے صرف تعارف کی بات کا اقرار کیا اور انہوں نے کسی بھی مدد سے انکار کیا ہے۔