ساگر تعلقہ میں سواریوں کو لوٹنے کے الزام میں بھٹکل کے پانچ افراد گرفتار

03:08PM Fri 23 Aug, 2019

ساگر: 23 اگست، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ساگر تعلقہ کے جوگ فالس آبشار کے قریب سواریوں پر ڈاکہ ڈالنے کے الزام میں ساگر ٹاؤن پولس نے پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق بھٹکل سے بتایا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والے ملزمین کی شناخت بھٹکل گلمی کے مکین محمد مصطفی، اکرم حسن، سہیل گنگولی، سمیر احمد اور عبدالمعین کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ساگر پولس سے ملی اطلاع کے مطابق یہ پانچوں رات کے وقت گزرنے والی گاڑیوں کو روک کر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش میں تھے کہ اس دوران وہاں سے پولس کی گشتی وین گزری تو انہوں نے پولس کو نہیں پہچانا اور اس پر بھی ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی تاہم ان کے علم میں آنے کے بعد پانچوں نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن پولس نے ان کا پیچھا کرکے پانچوں کو گرفتار کرلیا۔ ساگر پولس نے بتایا کہ ان پر نشہ آور چیزیں فروخت کرنے کا بھی الزام عائد ہوا ہے۔