جموں و کشمیر میں قیام امن کو لے کر گورنر ستیہ پال ملک نے دیا بڑا بیان ، تاہم ہند-پاک رشتہ پر تبصرہ سے انکار
04:06PM Sun 3 Mar, 2019
جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے امیدظاہر کی ہے کہ آنے والے وقت میں جموں و کشمیر میں امن قائم ہوگا اور لوگ بے خوف ماحول میں سانس لے سکیں گے۔ اجمیر کے دورے پر آئے مسٹر ملک نے آج خواجہ غریب نواز کی درگارہ پر مخملی چادر اور عقیدت کے پھول پیش کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ ہم کشمیر میں سب سے بات چیت کےلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا ’’میں پورے احترام و عزت کے ساتھ بات چیت کرنے کےلئے سیاسی پارٹیوں کو مدعو کرتاہوں تاکہ ریاست میں امن قائم ہوسکے۔‘‘انہوں نے کہا کہ انہوں نے غریب نواز کی بار گاہ میں دعا کی ہے کہ انہیں اپنے منصوبوں میں کامیابی ملے۔
ہندوستان -پاکستان کے رشتوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں اس موضوع پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔یہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کا مسئلہ ہے،لیکن میں نے آج اجمیر درگارہ شریف میں زیارت کرکے جموں و کشمیر سمیت پورے ملک کےلئے امن و سکون ،خوشحال اور بھائی چارے کی دعا کی ہے۔مسٹر ملک نے اجمیر میں ڈگی چوک پر واقع جموں و کشمیر بینک کی شاخ کا بھی افتتاح کیا۔اجمیر میں جموں اینڈ کشمیر بینک کی یہ پہلی شاخ ہے اور افتتاح کے بعد یہاں پہلا کھاتا کھولا گیا ہے۔برانچ منیجر رئیس احمد نے بتایا کہ جے اینڈ کے بینک ایک پرائیویٹ بینک ہے اور ملک بھر میں اس کی تقریباً ایک ہزار شاخیں ہیں۔