سمجھوتہ ایکسپریس تین مارچ سے دوبارہ شروع ہو گی
01:54PM Sat 2 Mar, 2019
نئی دہلی: دہلی اور لاہور کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین تین مارچ کو پاکستان کے لئے روانہ ہوگی اوراگلے دن وہاں سے ہندوستان کے لئے روانہ کر دی جائے گی۔
ریلوے کی وزارت نے ہفتہ کے روز اس سلسلے میں جاری سرکلر میں کہا کہ "پاکستان چار مارچ سے ٹرین نمبر 14608 سمجھوتہ ایکسپریس کو ریگولیٹ کرے گا۔اس کے ساتھ ہی گاڑی نمبر 1400/14002 اٹاری اسپیشل ایکسپریس کو بھی تین مارچ سے دوبارہ چلانے کی منظوری دے دی گئی ہے"۔ سمجھوتہ ایکسپریس تین مارچ کو ہندوستان سے پاکستان کے لئے روانہ ہوگی اور پھر چار مارچ کو یہ ٹرین وہاں سے ہندوستان واپسی کے لئے روانہ کر دی جائے گی۔
پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھنے کے درمیان پاکستان نے اپنے علاقے میں اس ٹرین کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی تھی۔ جس کی وجہ سے جمعرات کو ہندوستان نے تین مارچ تک اس ٹرین کے آپریشن کو منسوخ کر دیا تھا۔ ریلوے نے اس سلسلے میں جاری سرکلر میں کہا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہفتے میں دو دن چلنے والی ٹرین دہلی- اٹاری- دہلی سمجھوتہ ایکسپریس کو تین مارچ تک منسوخ کیا گیا ہے اور ریلوے بورڈ نے اس ٹرین کو منسوخ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔