’’مودی ،نوٹوں کی طرح آئین بھی بدلنا چاہتے ہیں‘‘ کلبرگی میں راہل نے ’’میں بھی چوکیدار‘‘ مہم کی پول کھول دی
01:17PM Tue 19 Mar, 2019
بنگلورو/کلبرگی۔19 مارچ (سالارنیوز)وزیراعظم نریندرمودی کی چوکیدار مہم پر طنز کرتے ہوئے کانگریس صدرراہل گاندھی نے آج کہاکہ رافیل جنگی طیاروں کے سودے میں پکڑے جانے کے بعد نریندرمودی پورے ملک کو چوکیدار بنانا چاہتے ہیں ۔ ’’میں بھی چوکیدار‘‘ مودی کے جملے پر حملہ کرتے ہوئے راہل نے کہاکہ چوکیدار چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا اس لئے اب چوکیدار پورے ہندوستان کو چوکیدار قرار دے رہا ہے لیکن ان کے چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے سے پہلے پورا ہندوستان چوکیدارنہیں تھا۔ مودی نے ایک دن قبل ’’میں بھی چوکیدارمہم‘‘شروع کی تھی ۔اس کے ایک دن بعد راہل گاندھی نے بی جے پی پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہاکہ اب مودی تمام ہندوستانیوں کے ساتھ چوکیدارکو جوڑنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس مہم میں بی جے پی صدر امیت شاہ اور پارٹی کے دیگر لیڈران بھی مودی کا ساتھ دے رہے ہیں ۔مودی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کی شناخت چوکیدار نریندرمودی کے نام سے ہوگئی ہے ۔ حالانکہ بی جے پی لیڈر راہل گاندھی کی اس مہم پر اعتراض کررہے ہیں ۔رافیل سودہ میں پکڑے جانے سے پہلے صرف نریندرمودی چوکیدار تھے ۔اب چور پکڑے جانے کے بعد پورے ملک کے لوگوں کو چوکیدار کہا جانے لگا ہے ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ پورا ملک جانتا ہے کہ چوکیدار چور ہے ۔ لوک سبھا میں سابق اپوزیشن کانگریس لیڈر ملیکارجن کھرگے کے پارلیمانی حلقہ کلبرگی میں آج عام ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے کہاکہ اتنے دنوں سے آپ کہتے تھے چوکیدار چور ہے ۔ لیکن کل اور پرسوں سے نریندرمودی پورے ملک کو اب چوکیدار قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ راہل نے کہا کہ جب وہ وزیراعظم بننا چاہتے تھے تو انہوں نے کہاتھاکہ مجھے وزیر اعظم نہیں بلکہ چوکیدار بنائیں کیا آپ کو یاد ہے ؟ لیکن انہوں نے یہ نہیں کہاتھاکہ پورے ہندوستانیوں کو چوکیدار بنایا جائے ۔کانگریس صدر نے کہاکہ دراصل مودی نے اس وقت عوام سے یہی کہاہوگاکہ مجھے وزیراعظم بناکرآپ تمام ان کی چوکیداری کریں ۔
انیل امبانی کی چوکیداری:راہل نے سوال کیا کہ مودی کس کی چوکیداری کررہے ہیں؟ کیا وہ انیل امبانی کی چوکیداری کررہے ہیں یا نہیں ؟ کیا وہ مہیل چوکسی ،نیرومودی ،للت مودی اور وجئے ملیا کی چوکیداری نہیں کررہے ہیں؟گاندھی نے کہا کہ پلوامہ میں خودکش دہشت گرد حملہ جن میں 40 سے بھی زیادہ سی آر پی ایف کے جوان ہلاک ہوئے تھے اسی روز چوکیدار نے ادانی کو ہندوستان کے 6 ایرپورٹس دے رکھے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ رافیل ہندوستانی ایرفورس کا جنگی طیارہ ہے ۔ان طیاروں کی خریداری سب سے بڑا دفاعی سودہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں اس سے بڑا دفاعی سودہ ہوہی نہیں سکتا۔ یہ سودہ کروڑوں روپئے پر مشتمل ہے ۔ گاندھی نے دعویٰ کیا کہ یوپی اے حکومت نے واضح طورپر کہاتھاکہ ہندوستان ایرونیٹکس لمٹیڈ(ایچ اے ایل) بنگلور ،اڑیسہ اور دیگر مقامات پر رافیل جنگی طیارے تیارکرنے کا ٹھیکہ دیا جائے گا ۔اس وقت کے وزیردفاع اے کے انتونی نے بھی واضح کیا تھاکہ ہر ایک طیارہ کی قیمت 526 کروڑ روپئے ہوگی۔ لیکن مودی جنہوں نے واحد انیل امبانی کو اپنے ساتھ فرانس لے گئے تھے ۔اس دوران مبینہ طورپر پورا ٹھیکہ تبدیل کروادیا۔چوکیدار نے 526 کروڑ روپئے کا طیارہ 1,600 کروڑ روپئے کروادیا ۔ راہل نے کہاکہ مودی نے ایچ اے ایل کا ٹھیکہ منسوخ کرواکے کرناٹک کے نوجوانوں کا روزگار چھین لیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر ایچ اے ایل یہ جنگی طیارہ تیارکرتا تو کرناٹک کے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملتا۔ لیکن مودی نے کہہ دیا کہ اب یہ ٹھیکہ انیل امبانی کو دیا جائے گا۔ راہل نے کہاکہ اس میدان میں امبانی کی کمپنی نے کچھ بھی نہیں کیا لیکن مودی نے دنیا کا سب سے بڑا دفاعی ٹھیکہ امبانی کو دے دیا اس ٹھیکہ سے 30 ہزار کروڑ کا منافع ملے گا۔ راہل گاندھی نے یہ بھی کہاکہ مودی جھوٹے وعدے کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاتھاکہ ہر شہری کے بینک کھاتے میں 15 لاکھ روپئے ڈالے جائیں گے ۔ اور دوکروڑ نوجوانوں کو روزگار کا بھی وعدہ کیا تھا جو پورا نہیں کیا گیا ۔
آئین کی دھجیاں:کانگریس صدر نے یہ بھی الزام لگایا کہ وزیراعظم مودی اور آر ایس ایس اس ملک کے دستور کو کمزور بنانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ نریندر مودی نے جس طرح 500اور 1000 کے کرنسی نوٹوں کو منسوخ کیا اسی طرح اس ملک کے آئین کو بھی بدلنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ان کے اس مشن کو کانگریس کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ اس کی توسیع کرتے ہوئے گاندھی نے یہ بھی الزام لگایا کہ ریزروبینک آف انڈیا کی منظوری کے بغیر ہی ملک میں نوٹ بندی کی گئی تھی ۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالنے کی اجازت نہیں دی ۔راہل گاندھی نے مودی پر یہ الزام بھی لگایا کہ مودی مختلف عقائد پر عمل کرنے والوں کے درمیان اپنی تقریروں سے نفرت کو فروغ دے رہے ہیں ۔ریلی سے خطاب کرنے سے قبل راہل گاندھی نے بی جے پی لیڈر اور گوا کے وزیراعلیٰ منوہر پاریکر کے لئے دومنٹ کی خاموشی رکھ کر ان کیلئے دعا کی۔ معلوم ہوکہ پاریکر کا اتوارکے دن انتقال ہوگیا۔ راہل نے اسٹیج پر موجود رہنماؤں کے ساتھ منوہر پاریکر کو یاد کیا ۔ بتادیں کہ پاریکر کی بیماری کے دوران راہل نے گوا میں ان کی عیادت کی تھی ۔