چٹ فنڈ سے جڑے اور ٹکٹ بیچنے والے اٹھا رہے ہیں سوال:مودی
03:51PM Mon 21 Nov, 2016
آگرہ، (ایف اویس)
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو اتر پردیش کے آگرہ میں پریورتن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانپور ریل حادثے میں ہلاک ہونے والے لوگوں کے خاندان کے تئیں تعزیت کااظہار کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ راحت اور ریسکیوآپریشن تیزی سے چلائے جا رہے ہیں ، ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو ہر ممکن مالی مدد فراہم کرائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آخر یہ حادثہ کیسے ہوا ، اس کی تہہ تک جانچ کرائی جائے گی۔مودی نے بلیک منی کے معاملے پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے غریبوں، متوسط طبقہ ، پڑھے لکھے اور ایماندار لوگوں کو سر جھکا کر سلام کرتا ہوں، جو نوٹ بند ی میں حکومت کا تعاون کر رہے ہیں۔وزیر اعظم مودی نے کہاکہ ملک کو بدعنوانی اور بلیک منی سے آزاد کرانے کا بیڑا اٹھایاہے ، اور اس کو ختم کرکے ہی دم لوں گا، لیکن یہ تبھی کامیاب ہو گا جب آپ کا ساتھ ملے گا۔انہوں نے برادران وطن کی تعریف کرتے ہوئے دعوی کیا کہ لوگ مشکلوں کے باوجود مہم میں حکومت ساتھ دے رہے ہیں، کیونکہ لوگ بدعنوانی اور بلیک منی سے پریشان ہیں ۔مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے وزیر اعظم جن دھن یوجنا کی شروعات کی تاکہ غریبوں کے اکاؤنٹ میں اس کے حق کا پیسہ پہنچے، 400سگریٹ کا دھواں غریب ماں کے جسم میں نہیں جائے ،اس لیے ہم نے اجول اسکیم بنائی ، غریب کے گھر میں گیس کے چولہے پر کھانا بنے گا، کھانا پکانے کے لیے دو دو گھنٹے کچن میں نہیں گزارنا پڑے گا۔مودی نے کہا کہ آزادی کے 70سال بعد بھی ملک کے 18ہزار گاؤں میں بجلی نہیں پہنچی تھی، 1000دن میں بجلی کا کام مکمل کرنا ہے، بجلی کے بغیر سب سے زیادہ گاؤں اترپردیش میں تھے، ہم تیزی سے اس پر کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہاکہ میں نے 8؍تاریخ کو کہا تھا کہ دو تین دن جائزہ لوں گا، میں نے گزشتہ دنوں جہاں سے بھی میرے کان میں بات آئی ، تو تھوڑا سا لچک بھی اپنایا گیا، جو مزہ لیتے تھے ان کو ہی 8؍تاریخ کے بعد بھگتنا پڑ رہا ہے۔نوٹ بند ی کے 10دنوں کے اندر ہی بینکوں میں 5لاکھ کروڑ سے زیادہ کی رقم جمع ہو چکی ہے ۔مودی نے کہا کہ نوٹ بند ی سے بجلی محکمہ کو پانچ کروڑ کی جگہ 15کروڑ کا بل آنا شروع ہو گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ اسکول میں داخلے کے لیے بھی کیش میں پیسہ دینا پڑتا ہے، یہ جو قدم اٹھایا ہے اس سے غریب، متوسط طبقے کی پریشانی ختم ہونے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک درمیانے طبقے کا شخص جب مکان خریدنے جاتا ہے، تو کیش کامطالبہ کیا جا تا ہے، اس کے خون پسینے کی کمائی کو بلیک منی کی شکل میں مانگا جاتا ہے۔کچھ لوگوں کی ساری زندگی تباہ ہو جائے، ایسی سزا دی ہے۔وزیر اعظم نے نام لیے بغیر (اپوزیشن پر) حملہ بولتے ہوئے کہا کہ ملک کی فکر سے زیادہ کرسی کی فکر زیادہ تھی، اس لیے ایسا قدم اٹھا نہیں سکتے تھے۔مودی نے اپنی ریلی میں کہا کہ نوٹ بندی سے جعلی نوٹوں کے پورے کاروبار کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔جعلی نوٹ سے ملک میں منشیات اور گولہ بارود لائے گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ متوسط طبقہ محنت سے کماتا ہے، انہیں لوٹنے والوں سے راحت ملے گی، غریبوں کو پینے کا صاف پانی، بچوں کی تعلیم، بیمار وں کو دوائیاں، غریبوں کو اس کا حق چاہیے ، پیسے جمع ہوں گے،آگے بھی پیسے آئیں گے،بینک والے ان پیسوں کا کیا کریں گے،انہیں اب لون دینا پڑے گا ۔وزیر اعظم مودی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کا نام لیے بغیران پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کیسے کیسے لوگ میرے خلاف ہیں، غریبوں نے کروڑوں چٹ فنڈ میں پیسے لگائے تھے، لیکن سیاستدانوں نے ان کے پیسے کو برباد کر دیا، سینکڑوں لوگوں کو مرنا پڑا تھا، ایسے لوگ میرے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔وہیں مایاوتی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ اب پہلے لوگ کہتے تھے کہ ا تنے نوٹ لاؤ، تب ایم ایل اے بنو گے، وہ نوٹ غریب اور ایماندار لوگوں کے تھے۔ہم نے جو کوشش کی ہے ، اس سے ملک کے غریب اور متوسط طبقے کو براہ راست فائدہ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی فیصلہ کسی کو پریشان کرنے کے لیے نہیں کیا، ملک کی آنے والی نسل کو کھڑا کرنے کے لیے کیا ہے۔آخر میں مودی نے کہا کہ ہم نے آپ سے 50دن مانگا ہے ۔انہوں نے کہا، میں آگرہ آپ سے اپیل کرنے آیا ہوں، یہ جو غنڈہ گردی کرنے والے لوگ ہیں وہ جن دھن اکاونٹ کھولنے والوں کو پاس پہنچ کر انہیں لالچ دے رہے ہیں۔ایسے پاپیوں کی باتوں میں نہ آئیں، قانون اتنا سخت ہے کہ پیسہ دینے والے مکر جائیں گے اور غریب جس کے اکاؤنٹ میں پیسے جمع ہوں گے ،وہ پھنس جائے گا۔وزیر اعظم اس ریلی کے ساتھ آگرہ میں ایک بڑی رہائشی ا سکیم کا بھی افتتاح کیا۔2022تک ’سبھی کے لیے رہائش گاہ ‘منصوبے کے تحت اگلے تین سالوں میں ایک کروڑ مکان بنانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔منصوبہ کے تحت 1لاکھ سے زیادہ کی امداد دی جائے گی۔ دیہی ترقیات کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر نے بتایا کہ 2022تک ’سبھی کے لیے مکان‘کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے مرکزی کابینہ نے یوپی سمیت پورے ملک میں اندرا رہائش گاہ اسکیم کو وزیر اعظم رہائش گاہ اسکیم دیہی میں تبدیل کرنے کو منظوری دے دی ہے۔تومر کے مطابق، اس منصوبے کے تحت 2016-17سے لے کر 2018-19تک تین سالوں میں ایک کروڑ مکان بنانے کا ہدف طے کیا گیا ہے، اس منصوبے کے تحت میدانی علاقے میں 1.20لاکھ اور پہاڑی علاقوں میں 1.30لاکھ روپے کی مدد فراہم کی جائے گی۔