فٹ بال کھیلنے اور فارسی بولنے والا انسان نما روبوٹ تیار
03:45PM Mon 23 Nov, 2015
تہران: ایرانی سائنسدانوں اور انجینیئروں نے ایک انسان نما روبوٹ تیار کیا ہے جو نہ صرف انسانوں کی طرح چلتا ہے بلکہ فٹ بال کھیلنے کے ساتھ فارسی بھی بولتا ہے۔
اس کے چاروں ہاتھ پاؤں انسانی اعضا کی طرح حرکت کرتے ہیں ۔ روبوٹ کا وزن 98 کلوگرام اور قد قریباً 6 فٹ ہے جو چہرے کے احساسات دیکھ کر ان کی نقل اتارتا ہے، اس میں آواز پہچاننے والا نظام موجود ہے لیکن فی الحال یہ فارسی ہی بول سکتا ہے، سرینا نامی روبوٹ تہران یونیورسٹی کے روبوٹکس ڈپارٹمنٹ نے بنایا ہے ۔
پروجیکٹ کے سربراہ پروفیسر یوسفی کوما کے مطابق وہ اب روبوٹ کے دوسرے مرحلے پر کام کررہے ہیں جو صحت کے علاوہ قدرتی آفات میں مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے اس روبوٹ کو ’ انسانیت اور امن ‘ کی جانب ایک قدم قرار دیا ہے۔ روبوٹ کا بازو، دھڑ، ٹانگیں ، گردن اور دیگر حصے کئی ڈگری تک گھوم سکتےہیں۔ اس طرح یہ گیند کو لات مارسکتا ہے اور چیزوں کو گرفت میں لے سکتا ہے۔ سائنسدانوں نے اس کی تیار میں مائیکروسوفٹ کے کائنیٹک سینسر کی مدد لی ہے۔
ہران یونیورسٹی کی جانب سے جاری ایک وڈیو میں سرینا روبوٹ کو ناہموار زمین پر چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ایران کے6 مختلف اداروں کے 70 سے زائد ماہرین اور انجینیئروں نے 8 سال کی محنت کے بعد روبوٹ تیار کیا ہے۔