کرناٹک بلدیاتی انتخابات : کانگریس نے بازی ماری ، بی جے پی لیڈر یدی یورپا نے تسلیم کی اپنی شکست

11:03AM Mon 3 Sep, 2018

کرناٹک بلدیاتی انتخابات میں کانگریس نے بی جے پی کو پیھچے چھوڑ دیا ہے۔ 102 وارڈ کی 2664 سیٹوں میں سے 2267 کے نتائج آچکے ہیں ، جن میں سے 846 پر کانگریس ، 788 پر بی جے پی ، 307 پر جے ڈی ایس اور 277 پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ۔ بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر بی جے پی لیڈر بی ایس یدی یورپا کا کہنا ہے کہ نتائج ان کی امید سے خراب آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کی حکومت ہونے کی وجہ سے ان کا اندازہ غلط ثابت ہوگیا ۔ حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2019 میں بی جے پی کو جیت حاصل ہوگی ۔
قابل ذکر ہے کہ 31 اگست کو صبح 7 بجے سے لے کر شام پانچ بجے تک ریاست کے 3897 پولنگ اسٹیشنوں پر لوگوں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا اور یہ پہلی مرتبہ تھا جب الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں بھی نوٹا کا آپشن دیا تھا ۔ سال 2013 میں 4976 سیٹوں کیلئے بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے ، جس میں کانگریس نے 1960 سیٹوں کے ساتھ جیت درج کی تھی جبکہ بی جے پی اور جے ڈی ایس دونوں کو 905 سیٹوں پر جیت ملی تھی ۔