’میرے حلقہ کی ترقی کا سہرا صحافیوں کے سر جاتا ہے‘ ؛ رکن اسمبلی منکال وئیدیا
02:48PM Tue 26 Dec, 2017
بھٹکلیس نیوز بیورو ؍ 26 دسمبر،2017
بھٹکل ؍ (رضوان گنگاولی) رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے اپنے اسمبلی حلقہ کی ترقی کا سہرا بھٹکل کے صحافیوں کے سر باندھا ۔ وہ یہاں بھٹکل کے گرو سدھیندرا کالج میں بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے سلور جوبلی پروگرام میں خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے اس موقع پر اپنے حلقہ کی ترقی میں صحافیوں کے رول کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی یہاں کے صحافیوں نے کہیں کے مسائل کو اپنے اخبار پر شائع کیا تو میں نے اس پر فوری رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی ان کی وجہ سے میں ہمیشہ چوکس رہا ۔انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ معاشرہ میں چند برے صحافی بھی ہوتے ہیں جو صرف تنقید کرنا جانتے ہیں میں ان پر دھیان نہیں دیتا بلکہ مجھے ہمیشہ ان اچھے صحافیوں کی وجہ سے آگے بڑھنے میں مدد ملی ہے۔
اس موقع پر’’سمرانا سنچیکے‘‘ نامی میگزین کا اجراء کرنے کے بعدسینئر مدیر جناب رمضان درگا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل امن و شانتی کے لئے معروف ہے یہاں ہمیشہ سے ہندو مسلم مل جل کر رہتے آرہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر صحافیوں کو اپنا کردار بخوبی ادا کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے اندر کبھی بھی جانبداری اور عصبیت نہیں ہونی چاہئے وہ ان سب چیزوں سے اپنے قلم کو دور رکھ کر صحافت کا پیشہ انجام دیں گے تو ہی اس سے ملک کو فائدہ ہوگا ۔
اس پروگرام میں سینئر صحافی جناب آفتاب کولا صاحب، مسٹر وویک مہالے اور شویتا اچاریہ اور بہت سے افراد کی تہنیت بھی کی گئی ۔
یونین کے صدر مسٹر رادھا کرشنا بھٹ نے افتتاحی کلمات پیش کئے، سکریٹری بھاسکر نائک نے استقبال کیا جبکہ جوائنٹ سکریٹری شری دھر شیٹھ نے نظامت کی ۔