بہار کے اسمبلی انتخابات میں مہا گھٹبندن کو زبردست جیت؛ بی جے پی کو لگا کرارا جھٹکا

03:59PM Sun 8 Nov, 2015

بھٹکلیس نیوز / 08 نومبر، 15 بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے شروع ہوگئے ہیں اور لالو پرساد، نتیش کمار اور کانگریس اتحاد کی واضح اکثریت کے بعد بی جے پی نے شکست تسلیم کر لی ہے۔ بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو فون کرکے انھیں جیت پر مبارک باد دی ہے۔ بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق تمام 243 سیٹوں کے نتائج سامنے آ گئے ہیں جن میں لالو پرساد، نتیش کمار اور کانگریس کے وسیع اتحاد کو 177/سیٹیں جبکہ بی جے پی اتحاد این ڈی اے کو 59/اور دیگر کو 07/سیٹیں ملی ہیں۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج کے اپنے پہلے ٹویٹ میں بہار کے لوگوں کا زبردست حمایت کے لیے شکریہ ادا کیا اور اس کے بعد مبارکباد دینے والے سرکردہ رہنماؤں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے لکھا: ’ہم آپ کی زبردست حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم اپنی فتح میں باوقار رہیں گے۔‘ لالو پرساد نے بڑی جیت کے بعد خطاب کرتے ہوئے جہاں بہار کی عوام کا شکریہ ادا کیا وہیں یہ بھی کہا کہ ’بی جے پی کو دہلی میں ایک دن بھی رکھنا ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے مترادف ہے۔ ہم لوگ اس کے خلاف مہم چلائیں گے۔‘ انھوں نے مزید کہا: ’ہم لوگ نریندر مودی کی فاسشٹ حکومت کو نکال پھیکیں گے۔‘ جبکہ کانگریس رہنما احمد پٹیل نے کہا: ’بہار کی قیادت اور کارکنوں کو مبارک باد، راشٹریہ جنتا دل اور جنتا دل یونائٹیڈ کو بھی۔ سب نے محنت کی اور این ڈی اے کے جھوٹے دعووں کو شکست دے دی۔‘ بدلتے ہوئے رجحانات کے حوالے سے بی جے پی لیڈر کیلاش وجے ورگيہ نے بھارتی چینل انڈیا ٹی وی سے کہا: ’اس سے انکار نہیں کہ ابھی رجحانات مہا گٹھبندھن (لالو نتیش کے وسیع اتحاد) کے حق میں ہے لیکن مجھے امید ہے کہ یہ بدل سکتا ہے۔ میں اس سے انکار کرتا ہوں کہ ووٹ پولرائز ہوا ہے۔ہم نے ترقی کے نام پر ووٹ مانگا لیکن ابھی کے رجحانات سے یہ لگ رہا ہے کہ ہم اپنی بات ووٹروں تک نہیں پہنچا سکے۔‘ پٹنہ سے ہمارے نمائندے پنکج پریہ درشی نے بتایا ہے کہ جے ڈی یو کے وسیع اتحاد کے دفتر کے سامنے جشن کا ماحول ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں ابتدائی رجحانات کے ساتھ ہی مختلف جماعتوں میں مختلف احساسات و جذبات نظر آ رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ انتخاب بہار کے لیے ہی نہیں بلکہ بھارت کے مستقبل کی سمت و رفتار بھی متعین کریں گے۔