کانگریس نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں ہند ستان کے منتخب ہونے پر مسرت کا اظہار کیا

04:02PM Sat 13 Oct, 2018

کانگریس نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل میں زبردست ووٹوں کے ساتھ ہندستان کے منتخب ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے ہماری سوچ کی حمایت اور انسانی حقوق کے لئے ہمارےعزم پر مہر ثبت کی ہے۔کانگریس نے سنیچر کو یہا ں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے متعلق اعلی ادارے میں ہندوستان تیسری مرتبہ منتخب ہوا ہے اور عالمی برادری نے انسانی حقوق کےدفاع کے لئے ہمارے عزم پر یقین کا اظہار کیا ہے۔ ہندوستان نہ صرف اپنے شہریوں کے حقوق کے لئے پرعزم ہے بلکہ پوری دنیا کے انسانوں کے حقوق کی حمایت کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کی 193 ممبری کونسل میں جمعہ کو ہوئے ووٹنگ میں 18 نئے ممبروں کا انتخاب کیا گیا جن میں ہندوستان کو ایشیا۔ بحرالکاہل زمرےمیں سبھی امیدواروں کے مقابلےمیں سب سے زیادہ ووٹ ملے۔ ہندوستان کو 193 ممبروں میں سے 188 ممبر ممالک کے ووٹ حاصل ہوئے۔
 اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے نئے ممبروں کی مدت کار یکم جنوری 2019 سے شروع ہوگی جو اگلے تین برسوں تک لئے ہوگی۔ ایشیا۔ بحرالکاہل علاقے سے انسانی حقوق کونسل میں کل پانچ سیٹیں مختص ہیں جن کےلئے ہندوستان کے علاوہ بحرین، بنگلہ دیش، فجی اور فلپائن نے نامزدگی کے کاغذات جمع کئے تھے۔ کونسل کے ممبرون نے خفیہ ووٹنگ کی تھی۔ کونسل میں منتخب ہونے کے لئے کم از کم 97 ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہند ستان اس سے پہلے 2011 سے 2014 اور 2014 سے 2017 تک دو مرتبہ انسانی حقوق کونسل کا ممبر رہ چکاہے۔