Israel seizes castle in Lebanon as it expands ground offensive
09:01PM Sun 31 May, 2026
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے اسٹریٹجک بیوفورٹ پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔ 44 سال قبل جس قلعے کی لڑائی میں گولانی بریگیڈ کے فوجی مارے گئے تھے، اسی چوٹی پر اب ایک بار پھر اسرائیلی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اسے ایک بڑی اسٹریٹجک کامیابی قرار دیتے ہوئے حزب اللہ کو واضح پیغام دیا ہے کہ اسرائیل کے لیے خطرہ بننے والے اپنے اہم ٹھکانے کھوتے جائیں گے۔
ایک طرف ایران اور امریکہ کے درمیان امن سے متعلق بات چیت جاری ہے جبکہ دوسری جانب اسرائیلی فوج لبنان میں سرگرم ہے۔ جنوبی لبنان میں اسرائیل نے ایسا قدم اٹھایا ہے جس کی بازگشت پورے مشرقِ وسطیٰ میں سنائی دے سکتی ہے۔ اسرائیلی فوج نے 44 سال بعد ایک بار پھر جنوبی لبنان کے معروف بیوفورٹ قلعے پر قبضہ کر لیا ہے اور وہاں اسرائیل کے ساتھ ساتھ گولانی بریگیڈ کا پرچم بھی لہرا دیا ہے۔ وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اسے اسٹریٹجک فتح قرار دیتے ہوئے حزب اللہ کو براہِ راست خبردار کیا ہے۔
اسرائیلی براڈکاسٹ کارپوریشن نے اتوار کی صبح سوشل میڈیا پر تصاویر جاری کیں، جن میں نبطیہ شہر کے قریب واقع بیوفورٹ قلعے پر اسرائیلی فوجی پرچم لہراتے ہوئے دکھائی دیے۔ اس کے بعد اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) نے بھی علاقے میں موجود فوجیوں کی تصاویر اور ویڈیوز جاری کیں۔ آئی ڈی ایف کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی فوج اب دریائے لیتانی کے شمال میں بھی حزب اللہ کے خلاف مسلسل کارروائیاں کر رہی ہے اور کئی اہم فوجی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔
وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کی ہدایات اور اپنی نگرانی میں فوج نے لبنان میں فوجی آپریشن کو وسعت دی، دریائے لیتانی عبور کیا اور بیوفورٹ کی پہاڑی چوٹی پر قبضہ کر لیا۔
کاٹز نے لکھاکہ بیوفورٹ کی تاریخی لڑائی کے 44 سال بعد گولانی بریگیڈ کے فوجی ایک بار پھر اسی چوٹی پر واپس آئے ہیں اور وہاں اسرائیل اور گولانی بریگیڈ کا پرچم لہرا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ گیلیل کی آبادیوں کے تحفظ اور شمالی سرحد کی حفاظت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
حزب اللہ کے لیے پیغام
اسرائیلی وزیر دفاع نے واضح الفاظ میں کہاکہ یہ ہمارے دشمنوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔ جو بھی اسرائیلی شہریوں کو دھمکی دے گا، وہ اپنے ایک ایک اسٹریٹجک ٹھکانے سے محروم ہوتا جائے گا۔
کاٹز کے مطابق پورا آپریشن انتہائی خفیہ رکھا گیا تھا اور علاقے میں لڑائی اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل حزب اللہ کی فوجی صلاحیتوں کو کمزور کرنے اور شمالی سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
بیوفورٹ قلعے کی اہمیت
بیوفورٹ جنوبی لبنان کی ایک بلند پہاڑی پر واقع ایک اہم اسٹریٹجک فوجی مقام مانا جاتا ہے، جہاں سے وسیع علاقے پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔
1982 میں لبنان جنگ کے دوران اسرائیل نے اس قلعے پر قبضہ کیا تھا۔
اس لڑائی میں گولانی بریگیڈ کے 6 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
1982 سے 2000 تک جنوبی لبنان پر اسرائیلی قبضے کے دوران یہ علاقہ اسرائیل کے کنٹرول میں رہا۔
2000 میں اسرائیل نے اپنے فوجی وہاں سے واپس بلا لیے تھے۔
اب 26 سال بعد اور پہلی لڑائی کے 44 سال بعد ایک مرتبہ پھر اسی قلعے پر اسرائیلی پرچم لہرا دیا گیا ہے، جسے اسرائیل ایک بڑی فوجی اور علامتی کامیابی کے طور پر پیش کر رہا ہے۔