چلتی ٹرین سے گر کر دوسالہ پچہ فوت ؛ تفریحی سفر غم میں تبدیل
04:27PM Sat 1 Jun, 2013
چلتی ٹرین سے گر کر دوسالہ پچہ فوت ؛ تفریحی سفر غم میں تبدیل
بھٹکلیس نیوز / 01 جون، 13
بھٹکل / ممبئی سے کیرالہ جا نے والی ویراول ایکسپریس کی ایمر جنسی کھڑکی کے پاس کھیلتا ہوا دو سالہ بچّہ اپنے والد کے ہاتھ سے پھسل کر گرنے سے اس کی موت واقع ہوگئی ۔ یہ واقعہ جمعہ کی صبح 11:00 بجے یہاں بھٹکل کے کڈوین کٹّہ پل کے قریب پیش آیا ۔ اطلاعات کے مطابق گجرات سے دو خاندان تفریح کی غرض سے کیرالہ جا رہے تھے ، ریل میں ان کی ٹکٹ آر اے سی ہونے کی وجہ سے یہ لوگ ایمرجینسی کھڑکی کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ دو سالہ بچّہ نمن اپنے والد کشل کے ہاتھوں سے پھسل کر گر پڑا ۔ حادثہ کے فوری بعد ریل گاڑی کو رکوا کر بچے کو نشاط اسپتال میں لایا گیا اسکے بعد بھٹکل کے سرکاری اسپتال میں منتقل کیا گیا لیکن اس وقت تک بچہ دم توڑ چکا تھا ۔ بچہّ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالے کیا گیا ۔ اس سلسلہ میں بھٹکل رورل پولس تھانہ میں کیس درج کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کوشل گجرات میں آنند ضلع کے بورساد علاقہ میں رہتے ہیں اور یہ پیشہ سے چارٹرڈ اکاونٹینٹ بھی ہیں ۔ اس سلسلہ میں بھٹکل کے مشہور سماجی کارکن جناب نثار رکن الدین صاحب ، اور جناب نذیر قاسمجی صاحب آخر تک متاثرہ خاندان کے ساتھ رہے اور کاغذی کارروائی انجام دے کر ان کو گھر تک پہنچانے میں مدد کی ۔