India, Gulf countries reiterate commitment to freedom of navigation

07:46PM Sat 26 Sep, 2026

ہندوستان اور ’گلف کوآپریشن کونسل‘ (جی سی سی) نے سمندری راستوں پر بلا رکاوٹ آمد و رفت کی آزادی کے اصول کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ خطے میں موجودہ حالات کی وجہ سے آزادی پر خطرہ بڑھ گیا ہے۔ وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر نے جمعہ کے روز ہندوستان-جی سی سی ٹروئیکا وزارتی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اس دوران خطے کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہندوستان اور گلف کوآپریشن کونسل نے سمندری راستوں پر بلا رکاوٹ آمدورفت کی آزادی کے اصول کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس کے بعد جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ہم نے سمندری آمد و رفت کی آزادی اور ملاحوں اور کمرشل بحری جہازوں کی سلامتی کے حوالے سے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

اس میٹنگ میں جی سی سی کے سکریٹری جنرل جاسیم البدیوی، بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی اور قطر کے امور خارجہ کے وزیر مملکت سلطان بن سعد المریخی سمیت کئی نمائندے شامل ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان اور جی سی سی کے درمیان شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ جے شنکر نے بتایا کہ میٹنگ میں ہندوستان-جی سی سی جوائنٹ ایکشن پلان 2024-28 کے تحت اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ساتھ ہی ہندوستان اور جی سی سی کے مابین شراکت داری کو مزید تقویت دینے کے طریقۂ کار پر بھی غور و فکر کیا گیا۔

اس مشترکہ ایکشن پلان کو 2024 ریاض میں ہونے والے پہلے ہندوستان-جی سی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اپنایا گیا تھا۔ اس میں صحت، تجارت، زراعت، غذائی تحفظ، نقل و حمل، توانائی اور توانائی کے تحفظ کے ساتھ ثقافت کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ جے شنکر نے خلیجی ممالک میں رہنے والی ہندوستانی برادری کو دی جانے والی حمایت کے لیے جی سی سی ممالک کی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ہندوستانی تارکین وطن کی سب سے بڑی آبادی خلیجی خطے میں رہتی ہے، جہاں 90 لاکھ سے زیادہ ہندوستانی مقیم ہیں۔ جے شنکر نے بتایا کہ اجلاس میں ہندوستان-جی سی سی آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے لیے مذاکرات شروع ہونے کا بھی خیر مقدم کیا گیا۔