India edge Pakistan by one wicket in last-ball thriller to win ninth U-19 Asia Cup
08:56PM Sat 14 Nov, 2026
نئی دہلی۔ ہندوستان کی انڈر 19 ٹیم نے ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ عمان کے العمارات کرکٹ گراؤنڈ میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو سنسنی خیز فائنل میں آخری گیند پر شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ ہندوستان نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلہ میں ایک وکٹ سے ہرادیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے گزشتہ فائنل میں اپنی شکست کا بدلہ لے لیا۔ منل چوہان اور موہت الوا نے پاکستان کے جبڑے سے جیت چھین لی۔ موہت الوا آخری گیند پر فاتح باؤنڈری لگا کر فتح کے ہیرو رہے۔ موہت نے ناقابل شکست 49 رنز بنائے، اور لگ بھگ ہار چکے میچ میں نہ صرف ٹیم کی واپسی کروائی بلکہ جیت تک پہنچایا۔۔ 338 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان کی شروعات اچھی رہی لیکن مڈل آرڈر بکھر گیا۔
بھارت کی آٹھویں وکٹ 252 پر گری، اس وقت فتح کے لیے 86 رنز درکار تھے، لیکن صرف دو وکٹیں باقی تھیں۔ منل چوہان اور موہت الوا کے درمیان نویں وکٹ کے لیے 57 رنز کی شراکت داری ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔ تاہم، اس شراکت کے ٹوٹنے سے ایک بار پھر ہندوستانی شائقین کی سانسیں تھم گئیں، ایک وکٹ باقی تھی اور مزید 29 رنز درکار تھے۔ پاکستان فتح کے بہت قریب تھا، یعنی جیت سے صرف ایک وکٹ دور۔ لیکن موہت الوا کی شاندار اننگز نے ہندوستان کو میچ جیتنے میں مدد دی۔
آخری گیند پر 3 رنز درکار تھے
انڈیا کو جیت کے لیے 12 گیندوں پر 25 رنز درکار تھے، صرف ایک وکٹ باقی تھی، اس لیے ٹیم انڈیا پر دباؤ شدید تھا۔ موہت الوا نے 49ویں اوور میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا، جس سے مجموعی طور پر 17 رنز بنے۔ اب آخری اوور میں 6 گیندوں پر آٹھ رنز درکار تھے۔ پاکستان کی جانب سے آخری اوور احمد حسین نے کیا جس میں ایک ڈاٹ بال اور دوسرا وائیڈ تھا۔ اس کے بعد اگلی چار گیندوں پر چار سنگلز ہوئے۔ جیت کے لیے آخری گیند پر تین رنز درکار تھے، اور ٹائی کے لیے دو، ایسے میں موہت نے چوکا لگا کر ہندوستان کو شاندار جیت سے ہمکنار کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے، پاکستان کے اوپنر عثمان خان نے سنچری بنائی، عبدالقادر کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت داری کی۔ عثمان نے 111 گیندوں پر 107 رنز بنائے جس میں تین چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ قادر نے 54 گیندوں پر 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، 8 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔ چوتھے نمبر پر آتے ہوئے پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے بھی نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے 60 گیندوں پر 63 رنز بنائے۔