INDIA Bloc March: 'Won't let Modi go anywhere': Rahul says will take on Amit Shah after Gyanesh's exit
07:29PM Sun 1 Nov, 2026
دہلی کے رام لیلا میدان میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفی اور ووٹ چوری کے خلاف انڈیا اتحاد کی عظیم الشان ریلی اختتام پذیر ہو گئی۔ ریلی میں اپوزیشن کے سرکردہ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں، ایس آئی آر اور جمہوری اداروں کے تحفظ کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا اور حکومت و الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ریلی سے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو اور سی پی آئی (ایم ایل) کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ سمیت متعدد اپوزیشن رہنماؤں نے خطاب کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ ووٹر لسٹوں میں ردوبدل اور ایس آئی آر کے ذریعے لوگوں کے ووٹ دینے کے حق کو متاثر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
جلسہ کے اختتام پر دہلی کانگریس کی جانب سے ریلی میں شریک لوگوں، کارکنوں اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اس کے بعد قومی ترانہ گایا گیا اور اسی کے ساتھ رام لیلا میدان میں منعقدہ انڈیا اتحاد کی ریلی اختتام پذیر ہو گئی۔
کسانوں کو حق نہیں مل رہا، نوجوانوں کو روزگار نہیں، ملک کی دولت امبانی اور اڈانی کے پاس جا رہی ہے: راہل گاندھی
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے دہلی کے رام لیلا میدان میں انڈیا اتحاد کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ملک کے تمام آئینی اداروں پر حکومت نے قبضہ کر رکھا ہے، جس کا خمیازہ کسانوں، نوجوانوں اور عام شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ کسانوں کو ان کا حق نہیں مل رہا، نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا اور ملک کی تمام دولت امبانی اور اڈانی کے پاس جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہزاروں کروڑ روپے کے قرض معاف کر دیے جاتے ہیں، لیکن اگر کوئی عام آدمی ایسا کرے تو اسے جوتے مار کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ ملک ایسا ہونا چاہیے جہاں ہر شہری کو برابری کا حق حاصل ہو، کسان اپنے خواب پورے کر سکیں اور طلبہ کی محنت کا انہیں مناسب صلہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی طالب علم روزانہ 18 گھنٹے پڑھائی کرتا ہے تو اسے تعلیم اور روزگار کی صورت میں اس کی محنت کا پھل ملنا چاہیے۔
راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے حوالے سے کہا کہ وہ اس عہدے سے ہٹیں گے اور انہیں جیل بھی جانا پڑے گا۔ انہوں نے ووٹوں کی چوری کو عام چوری سے مختلف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان کے ہر شہری کے ووٹ اور اس کی آواز کی چوری ہے۔ انہوں نے اسے ملک سے غداری قرار دیا۔
انہوں نے امت شاہ کے اس بیان کا جواب بھی دیا کہ نریندر مودی اقتدار سے نہیں جانے والے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ گیانیش کمار کے بعد اب وہ مودی اور امت شاہ کے خلاف بھی کھڑے ہوں گے۔ ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی اور وہ بھاگ نہیں سکتے، انہیں یہیں رہنا ہوگا اور کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ مودی، شاہ یا گیانیش کمار میں سے کسی سے نفرت نہیں کرتے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وہ محبت کی دکان چلانے والے لوگ ہیں۔
ہم جمہوریت کو بچانے کے لیے لڑتے رہیں گے، بنگال میں ہم ہارے نہیں نہیں بلکہ ہمیں ہرایا گیا ہے: ممتا بنرجی
مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے دہلی کے رام لیلا میدان میں انڈیا اتحاد کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جمہوریت کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مغربی بنگال خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کا شکار ہے اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے ووٹوں کی گنتی کے عمل کو بھی ہائی جیک کر لیا تھا۔
ممتا بنرجی نے کہا، ’’میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم لڑیں گے اور جمہوریت کو بچائیں گے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال میں انتخابی عمل کو متاثر کیا گیا ہے اور ووٹوں کی گنتی میں بھی بے ضابطگیاں کی گئی ہیں۔
انہوں نے انتخابی نتائج پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا، ’’ہم ہارے نہیں ہیں، ہمیں ہرایا گیا ہے۔ بنگال میں ہمیں ہرایا گیا۔‘‘ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ انتخابات کے دوران الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور ووٹوں میں ہیرا پھیری کی گئی اور آئین کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انڈیا اتحاد جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے متحد ہے اور اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔
رام مندر کے چندے میں چوری کرنے والوں کا اس بار مکمل صفایا طے ہے: اکھلیش یادو
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے دہلی کے رام لیلا میدان میں انڈیا اتحاد کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی اور مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جن لوگوں نے بھگوان رام کے مندر کے لیے جمع کیے گئے چندے میں چوری کی ہے، اس بار ان کا مکمل صفایا ہونا طے ہے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ جو لوگ کبھی خود کو ’وشو گرو‘ (عالمی رہنما) بنانے کی بات کرتے تھے، وہ اب ووٹ چوری میں مصروف ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملک میں انتخابی عمل کو متاثر کرنے اور عوام کے ووٹ کے حق کو چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے میڈیا کی آزادی کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر صحافی سچ دکھاتے ہیں اور حقائق سامنے لاتے ہیں تو انہیں پریشان کیا جاتا ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو نشانہ بنائے جانے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت کے رویے پر سوال اٹھائے۔
گیانیش کمار کے عہدے سے ہٹنے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے، نوجوان انہیں زمین کے اندر سے بھی نکال لائیں گے: کھڑگے
نئی دہلی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے دہلی کے رام لیلا میدان میں انڈیا اتحاد کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر ووٹروں کے حقوق چھیننے کی کوشش کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، نوجوانوں اور دلتوں کے ووٹ چھیننے کی کوششوں کے خلاف ہی اپوزیشن جماعتیں یہاں جمع ہوئی ہیں۔
کھڑگے نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم مودی اپنے ایک چیلے کے ذریعے ووٹ کاٹنے کا کام کر رہے ہیں۔ ان کا اشارہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی طرف تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک گیانیش کمار کو عہدے سے نہیں ہٹایا جاتا، اپوزیشن خاموش نہیں بیٹھے گی۔
کانگریس صدر نے سخت لہجے میں کہا کہ اگر گیانیش کمار زمین کے اندر بھی چلے گئے تو نوجوان انہیں وہاں سے نکال لائیں گے، انہیں عہدہ چھوڑنا ہی ہوگا۔
کھڑگے نے مزید الزام لگایا کہ مرکزی حکومت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سمیت دیگر سرکاری ایجنسیوں کے ذریعے اپوزیشن کو ڈرانے کی کوشش کرتی ہے، لیکن وہ اس سے خوف زدہ نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ملک کے لوگوں کے درمیان پھوٹ ڈالنے اور ان کے ووٹ کا حق چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کھڑگے نے بہار اور اتر پردیش کی حکومتوں کو بھی نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ چوری کے ذریعے قائم ہونے والی حکومتیں ہیں۔