پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بھٹکل میں جے ڈی (ایس) کا احتجاج

04:01PM Wed 7 Jul, 2021

بھٹکل: 07 جولائی،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  ملک بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آج بھٹکل جنتادل (سیکولر) نے بھٹکل منی ودھان سودھا کے صحن میں احتجاج کرتےہوئے  تحصلدار کے توسط سے وزیر اعلیٰ کو میمورنڈم سونپا ہے اور قیمتوں میں کمی کرنے کی مانگ کی ہے۔ اس موقع پر  جے ڈی ایس لیڈر جناب عنایت اللہ شابندری نے کہا کہ ملک کے عوام پہلے ہی کورونا مہاماری سے جوجھ رہے ہیں ، اس میں پھر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے عام آدمی کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور ان کا گزر بسر بھی مشکل سے ہورہا ہے۔ انہوں نے مرکزی و ریاستی حکومت کی پالیسیوں کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ برسر اقتدار حکومت کو عوام کو کوئی فکر نہیں ہے ۔ عنایت اللہ شابندری صاحب نے کسان آندولن کے تعلق سے بھی بات کی اور کہا کہ کسان کئی مہینوں سے احتجاج پر ہیں اور اپنی بات منوانے کی کوشش کررہے لیکن حکومت ان کی ایک نہیں سن رہی ہے، وہ بھی اسی ملک کے باشندے ہیں، حکومت کو ان کی فکر کرنی چاہئے اور ان کا مسئلہ حل کرنا چاہئے ۔انہوں نے اس موقع پر ویکسین کی کمی کا بھی مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ پہلے الزام لگایا گیا کہ بھٹکل کے لوگ ویکسین نہیں لگا رہے ہیں لیکن اب جبکہ ایک بڑی تعداد ویکسین سینٹروں کا رخ کر رہی ہے تو ہر دو دن میں ایک بار ویکسین خالی ہونے کا اعلان لگا دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ ان مسائل کو حل کرے اور غریب عوام کی فکر کرے۔ جے ڈی (ایس) بھٹکل شاخ کے سکریٹر ی نے تحصلدار کو میمورنڈم پیش کیا  جس کو وصول کرتے ہوئے تحصلدار نے اسےاعلی افسران تک پہنچانے کی یقین دہانی کی

جے ڈی ایس کی طرف سے  پانڈو نائک، جوسف،ایوب خطیب، سالم شاہ بنددری  و دیگر کافی لوگ موجود تھے۔