Inauguration of Air-Conditioned Lounge at Bhatkal Railway Station; ₹7,000 Crore Allocated for Konkan Railway Development: Kageri
08:45PM Sat 7 Nov, 2026
بھٹکل: 7 نومبر(بھٹکلیس نیوز بیورو) اُترکنڑا کے رکن پارلیمان وشویشور ہیگڈے کاگیری نے بھٹکل ریلوے اسٹیشن پر نئے ایئر کنڈیشنڈ لاؤنج کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کونکن ریلوے کی جامع ترقی اور جدید کاری کے لیے سنجیدہ ہے، جس کے تحت 7 ہزار کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
کاگیری نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران ریلوے کی بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے تقریباً 10 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ ان ترقیاتی کاموں کے تحت کمٹہ، بھٹکل اور گوکرن ریلوے اسٹیشنوں کے پلیٹ فارموں کو توسیع دے کر مسافروں کے لیے سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مرڈیشور ریلوے اسٹیشن پر معیاری بیت الخلا کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کونکن ریلوے کا موجودہ راستہ تقریباً 35 سال پرانا ہوچکا ہے اور وقت کے ساتھ ٹرینوں کی تعداد اور آمدورفت میں اضافے کے پیش نظر اس کی جدید کاری ناگزیر ہوگئی ہے۔ وندے بھارت سمیت متعدد اہم ٹرینیں اسی راستے سے گزرتی ہیں، ایسے میں ٹرینوں کی آمدورفت کو مزید بہتر بنانے اور اسٹاپیج کی سہولت میں اضافہ کرنے کے لیے اضافی گنجائش پیدا کرنا ضروری ہے۔
رکن پارلیمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کونکن ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے اور مسافروں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔