نوٹ بندی کے معاملے پر مودی کے جذباتی تبصرہ پر شیوسینا نے لی چٹکی

01:26PM Wed 16 Nov, 2016

اندراگاندھی اورراجیوگاندھی کی قربانیوں کویادکیا ممبئی، (ایف او یس) ملک میں 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹوں کو چلن سے باہر کرنے کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے جذباتی لہجے میں کئے گئے تبصرہ پر چٹکی لیتے ہوئے شیوسینا نے آج کہا کہ بڑے نوٹوں کو ختم کرنے کے ان کے فیصلے سے ان کی زندگی اس طرح خطرے میں نہیں پڑ ے گی جس طرح اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کو ملک کے عظیم مقاصد کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے مار دیا گیا تھا۔گوا میں 13نومبر کو ایک تقریب میں اپنی تقریر میں مودی نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے خلاف کچھ طاقتیں ہیں جو انہیں جینے نہیں دینا چاہتیں اور نوٹ بندی کے ان کے فیصلے کو لے کر انہیں پوری طرح تباہ کر دینا چاہتی ہیں۔مودی نے کہا تھا کہ وہ کسی بھی نتیجے کو بھگتنے کے لیے تیار ہیں،انہیں زندہ بھی جلا دیا جائے تو بھی وہ جھکیں گے نہیں۔اس پر شیوسینا کے ترجمان اخبار ’’سامنا‘‘میں شائع ایک اداریہ میں لکھا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی بہت ہی سخت سیکورٹی گھیرے میں ہیں اور انہیں ایک مچھر بھی نہیں کاٹ سکتا،ملک کے لئے بے شمارمجاہدین آزادی نے قربانی دی ہے۔ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے خالصتانی ملک مخالف عناصر کے خلاف جنگ لڑی تھی جس کے لئے انہیں قربانی دینی پڑی۔شیو سینا نے لکھا کہ سری لنکا میں امن پروٹیکشن فورسز کو بھیجنے کے راجیو گاندھی کے فیصلے پر سوال اٹھائے جا سکتے ہیں لیکن انہیں بدلے میں اپنی جان کی قربانی دینی پڑی۔’’سامنا‘‘کے مضمون کے مطابق مودی نے صرف کرنسی کے نوٹ بدلے ہیں، جس کا مطلب پاکستان پر حملہ کرنا یا جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو ہندوستان کھینچ لانا نہیں ہے ،اس لیے انہیں دہشت گردوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے،عام آدمی ڈرا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو خود کو سزا دینی چاہئے۔شیوسینا کے مطابق لوگ خاموشی اور پرامن طریقے سے سہ رہے ہیں اور مودی کو اپنی زندگی کے لئے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔مہاراشٹر میں اور مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومتوں میں بی جے پی کی اتحادی ہونے کے باوجود شیوسینا نے نوٹوں پر حکومت کے فیصلے پر سخت رخ اپنایا ہے۔