تاج مان سنگھ معاملہ :سپریم کورٹ نے ٹاٹا گروپ سے کہا: لائسنس آگے نہیں بڑھ سکتا

03:08PM Fri 3 Mar, 2017

نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)قومی دارالحکومت نئی دہلی کی مان سنگھ روڈ پر واقع تاج ہوٹل کی لیز سے جڑے معاملے میں نئی دہلی میونسپل کارپوریشن ( این ڈی ایم سی) نے سپریم کورٹ میں کہا ہے کہ وہ ٹاٹا گروپ کا لائسنس آگے نہیں بڑھا سکتا اور ہوٹل کی نیلامی کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔این ڈی ایم سی کا کہنا ہے کہ وہ تاج ہوٹل کے ای نیلامی کرانا چاہتا ہے۔اس پر عدالت نے ٹاٹا گروپ کی انڈین ہوٹل کمپنی لمیٹڈ (آئی ایچ سی ایل )سے کہا ہے کہ اگر انہیں کوئی اعتراض ہے تو وہ ایک ہفتے میں جواب داخل کرے۔معاملے میں اگلی سماعت 22؍مارچ کو ہوگی۔دراصل، 12؍جنوری کو سپریم کورٹ نے این ڈی ایم سی کو ٹاٹا گروپ کی لیز نہ بڑھانے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کے لیے کہا تھا۔عدالت عظمی نے کہا تھا کہ معاملے میں این ڈی ایم سی نے صحیح کارروائی نہیں کی اورقانونی افسران کی رائے کو دبایا، جس میں ٹاٹا گروپ کی لیز بڑھانے کو کہا گیا تھا۔اس وقت سپریم کورٹ نے این ڈی ایم سی کو 6 ہفتے میں فیصلہ کرکے عدالت میں رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔عدالت عظمی نے یہ بھی کہا تھا کہ ہوٹل کی نیلامی کے لیے ٹاٹا گروپ کو پہلے موقع دیا جانا چاہیے ، اور اگر وہ لائسنس کے لیے نیلامی میں طے رقم نہ دے پائے، تو اس کے بعد جو بڑی بولی لگائے، اس کو لیز دی جائے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے مان سنگھ روڈ پر بنے تاج ہوٹل کی نیلامی کے معاملے میں سپریم کورٹ نے جمود کی صورت حال برقرار رکھنے کی ہدایت دی تھی ، جس سے نیلامی رک گئی تھی، اور آئی ایچ سی ایل کوراحت ملی تھی۔ اس وقت عدالت نے این ڈی ایم سی کے مطالبات کو مستردکر دیا تھا۔