مجلس اصلاح و تنظیم  کی جانب سے لاک ڈاؤن میں آئی اس عید الفطر کے موقع پر اہم ہدایات

01:15PM Sat 23 May, 2020

بھٹکل: 23 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل و اطراف میں کل عیدالفطر منائی جارہی ہے۔ تاہم لاک ڈاؤن میں اس عید کے آنے پر مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے ضروری ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ مجلس اصلاح و تنظیم کا پیغام ہو بہو یہاں نقل کیا جارہا ہے۔ عوام الناس کی خدمت میں عیدالفطر کے موقع پر پیشگی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے یہ عرض کرنا ہے کہ الحمدللہ گزشتہ تقریباً 2 مہینوں سے ہم سب نے مل جل کر کورونا کی وبائی صورتحال سے نمٹنے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے اور سرکاری قوانین کی پابندی بڑے صبر و ضبط اور ثابت قدمی کے ساتھ کی ہے. اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جلد سے جلد اس آفت سے ہمیں چھٹکارا دے اور چین و سکون کی زندگی پھر سے جینے کا موقع عنایت فرمائے.   لاک ڈاؤن کے موجودہ قوانین میں چھوٹ دینے اور بالخصوص عیدالفطر کے موقع پر قوانین میں رعایت دینے کا مطالبہ تنظیم کے ایک وفد نے کل اے ایس پی اور اسسٹنٹ کمشنر بھٹکل کے سامنے رکھا تھا. چونکہ ابھی بھٹکل میں کورونا کا دوسرا مرحلہ شروع ہوکر 28 دنوں کی قانونی میعاد پوری نہیں ہوئی ہے اور اس کے لئے ابھی تھوڑے دن باقی ہیں اس لئے ضلع انتظامیہ اس مدت تک انتظار کرنے پر ہی غور کررہی ہے.   تنظیم وفد کے اصرار اور مقامی حالات کی طرف توجہ دلانے پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے بات کرنے اور عید کے دو تین دن کے اندر مرحلہ وار لاک ڈاؤن میں ڈھیل دینے کا سلسلہ شروع کرنے کا وعدہ دیا ہے.   جہاں تک عید کے دن مقامی طور پر چہل پہل اور لاک ڈاون قوانین میں ڈھیل دینے کی بات ہے ڈپارٹمنٹ قانونی طور پر کوئی رعایت دینے کے موقف میں فی الوقت نہیں ہے. اس لئے عوام الناس سے ہم گزارش کرتے  ہیں کہ
  1. اتنے دنوں تک صبر و تحمل کا مظاہرہ ہم نے کیا ہے تو اب مزید دو چار دن اور برداشت کرلیں. پھر ان شاءاللہ راحت اور آسانی کا مرحلہ شروع ہوگا.
  2. عید کے دن بلا وجہ سڑکوں پر موٹر سائیکل اور دوسری گاڑیاں نہ دوڑائیں اور یہاں وہاں سیر کے لئے ہرگز نہ نکلیں.
خیال رہے پولیس کی طرف سے ایسے لوگوں پر لاک ڈاؤن قوانین کی خلاف ورزی کے لیے کیس درج کرنے کے امکانات ہیں. اس لیے پوری طرح احتیاط کریں.
  1. قاضی صاحبان کی ہدایت کے مطابق عید کی نماز اپنے گھروں میں ہی ادا کریں.
  2. کسی بھی جگہ گروپ اور ہجوم کی شکل میں جمع نہ ہوں اور شور شرابا یا ہنگامہ ہرگز نہ کریں.
  3. اگر کہیں قریبی علاقے میں آنے جانے کی ذرا سی سہولت مل بھی جائے یا نگرانی میں زیادہ سختی نہ ہو تو اس کا غلط فائدہ بالکل نہ اٹھائیں. تاکہ قانون کے شکنجے میں آنے سے بچ سکیں.
  4. عید کے دن گلے ملنے، مصافحہ کرنے اور گروپ کی شکل میں عوامی مقامات پر ہنسی مذاق کرنے کے فوٹو اور ویڈیو کلپس براہ کرم سوشیل میڈیا پر ہرگز پوسٹ نہ کریں.
  5. اس بات کا پورا پورا خیال رکھیں کہ عید کا دن پوری طرح امن و سکون کے ساتھ گزر جائے اور پھر دوچار دن میں ہم لوگ لاک ڈاؤن کی سختیوں سے باہر نکل سکیں. ان شاءاللہ.
قوی امید ہے کہ عوام اور بالخصوص ہمارے نوجوان ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تنظیم کے ساتھ حسب سابق مکمل تعاون کریں گے. والسلام خیر اندیش جنرل سیکریٹری مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل