بنگلور شہر میں فضائی ہی نہیں بلکہ صوتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے

12:32PM Mon 8 Apr, 2019

بنگلور۔8؍اپریل(سالار نیوز) کرناٹک ریاستی آلودگی پر قابو بورڈ (کے ایس پی سی بی) نے شہر کے جن تیرہ مقامات پر فضائی آلودگی کی سطح کا جائزہ لیا تھا ان میں سے دس مقامات پر پی ایم دس کی سطح اس سے بہت زیادہ پائی گئی ہے جو کہ این اے اے کیو کے معیار کے تحت قابل اعتناء ہے۔سب سے زیادہ آلودگی کی سطح کی نشاندہی کرنے والا علاقہ مرکزی سلک بورڈ کا ہے جہاں آلودگی کی سطح 159 رہی،اس کے بعد یلہنکا کا ریل وھیل فیکٹری کا علاقہ ہے جہاں آلودگی کی سطح 151 رہی اور اس کے بعد آئی ٹی پی ایل اور پینیا کا صنعتی علاقہ ہے جہاں کی آلودگی 148 کی سطح پر تھی۔ان تیرہ میں سے سب سے کم آلودگی والے علاقے وکٹوریہ اسپتال (79) ، بانسواڈی پولیس تھانہ کا علاقہ (83)، اور کے آر سرکل (95) ہیں۔شہر کا ایک محلہ جہاں آلودگی کی سطح حیرت انگیز طور پر کم ہوئی ہے وہ وائٹ فیلڈ کا علاقہ ہے جہاں چودہ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اس سے پہلے اس علاقہ میں پی ایم دس کی سطح میں 60.7 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔یشونت پور میں البتہ اس بار فضائی آلودگی میں 27 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے، یشونت پور وارڈ کے کارپوریٹر نے اس پر حیرت کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے کہا کہ آلودگی کی سطح میں اس اضافہ کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ آلودگی کو ناپنے والے آلہ کو یشونت پور پولیس تھانے کے اوپر نصب کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ’’اس چوراہے پر بہت ہی زیادہ ٹریفک کا اژدھام ہوتا ہے اور تہواروں کے دنوں میں تو بالکل سواریاں ایک دوسرے سے لگ کر چلتی ہیں اور راستہ تنگ ہو جاتا ہے‘‘۔ اسی کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں صوتی آلودگی میں بھی کافی اضافہ دیکھا گیا ہے ،شہر میں سب سے زیادہ شور شرابے کے علاقے یشونت پور اور وائٹ فیلڈ کا صنعتی علاقہ ہے۔آر وی سی ای کالج اور نمہانس جیسے’’حساس‘‘ قرار دئے گئے علاقوں میں بھی مجازی معیار سے بہت زیادہ بلند آوازیں پائی جاتی ہیں۔