عمران خان لاہور میں سٹیج سے گر کر زخمی
07:07PM Tue 7 May, 2013
پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ لاہور میں جلسے کے لیے تیار کردہ سٹیج پر چڑھتے ہوئے گر کر زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ منگل کی شام سات بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب عمران خان ایک لفٹر کے ذریعے سٹیج پر جا رہے تھے کہ نیچے گر گئے۔
لاہور میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق عمران خان کے سر پر کافی چوٹ آئی ہے اور انہیں ٹانکے لگائے گئے ہیں۔عمران خان کو شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے مزید ٹیسٹ اور سکین کیے جائیں گے۔
اس سے قبل مقامی ٹی وی چینلز کی فوٹیج میں صاف دکھائی دے رہا تھا کہ عمران خان کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔ ان کے ساتھ ان کے محافظ بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ہمارے نامہ نگار کے مطابق تحریکِ انصاف کے چیئرمن منگل کی شام لاہور میں غالب مارکیٹ میں ایک جلسے سے خطاب کے لیے آئے تھے۔ سٹیج پر پہنچنے کے لیے ان کو لفٹر پر کھڑا کیا گیا۔ ان کے محافظ بھی ان کے ساتھ تھے۔ اچانک توازن خراب ہونے کے باعث عمران خان اور ان کے محافظ گر گئے۔
سٹیج زمین سے بارہ سے پندرہ فٹ کی بلندی پر بنایا گیا تھا۔عمران خان چوٹ لگنے کے باعث نیم بے ہوش ہوگئے تھے۔
پاکستان کے سابق سپن بالر عبدالقادر جو عمران کے جلسے میں شریک تھے، انہوں نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ عمران کے سر پر چوٹیں آئیں اور خون بہہ رہا تھا۔
ادھر پاکستان کے مختلف سیاسی رہنماؤں، صدر، اور نگران وزیرِ اعظم کی جانب سے تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی جا رہی ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے ایک رہنما اسد عمر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ عمران خان کےسر پر چوٹ آئی ہے لیکن وہ ہوش میں ہیں۔
عمران خان کے سٹیج سے گرنے کی خبر پر سوشل میڈیا ایک دم جاگ اٹھا۔ جہاں دعاؤں اور تمناؤں کی ٹویٹس تھیں وہیں لوگ ان کی صحت اور سلامتی کی خبریںر لکھ رہے تھے۔
شیراز خان نے ٹویٹ کی ’گرتے ہیں شہسوار ہی میدانِ جنگ میں، جلد صحتیاب ہوں عمران خان‘۔
ایک اور نوجوان نے ٹویٹ کی کہ ’کاش میں لاہور میں ہوتا تاکہ میں عمران خان کو خون دے سکتا کیونکہ میرا خون ان سے ملتا ہے‘۔
BBC URDU