آئین اور قانون کا احترام کروں گا؛عوام کے مفاد ترجمان میں شامل
04:25PM Fri 5 Jul, 2013
آئین اور قانون کا احترام کروں گا؛عوام کے مفاد ترجمان میں شامل
عدلی منصور کا حلف برداری کے بعد مصر کے عوام سے خطاب
بھٹکلیس نیوز / 05 جولائ، 13
قاہرہ / (پی ٹی آئی / رائیٹرز) مصر کی سپریم دستوری عدالت کے سربراہ عدلی منصور نے عبوری سربراہ ریاست کے طور پر حلف اٹھایا ۔ مسلح افواج نے گزشتہ روز منتخب صدر محمد مرسی کو برطرف کرنے کے بعد عدلی منصور کو عبوری آئینی صدر مقرر کیا تھا ۔ فوج کے ایک فرمان کے مطابق وہ نئے صدر کے انتخاب تک اس عہدے پر بر قرار رہیں گے ۔ عبوری صدر کی حلف برداری جمعرات کو قاہرہ میں دستوری عدالت میں ہوئی اور یہ العربیہ ٹی وی پر براہ راست نشر کی گئی ۔ عدلی منصور نے اپنے نئے عہدے کو اٹھاتے وقت حلف کی یہ عبارت پڑھی میں جمہوریہ نظام کے تحفظ کا حلف اٹھاتا ہوں ، میں آئین اور قانون کا احترام کروں گا اور عوام کے مفادات کا خیال رکھوں گا ۔
انھوں نے برطرف صدر کے اقتدار کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ملک گیر احتجاج مظاہرے کرنے والے مصری عوام کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے میڈیا ، فوج اور پولس فورس کے کردار کی بھی تعریف کی ہے ۔
انھوں نے کہا میں مصری عوام کو 30/جون کو عظیم انقلاب کا راستہ درست کرنے پر سلام پیش کرتا ہوں 36/سالہ عبوری صدر علی منصور نے کہا کہ ملک گیر مظاہروں کے ذریعے مصری عوام نے دنیا کے سامنے مشکلات کے مقابلے میں اپنے عزم کو ثابت کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مصری میڈیا نے دلیری کا ثبوت دیتے ہوئے عوام کو روشنی کی کرن دکھائی ہے اور سابق حکومت کی غلط رویوں کو بے نقاب کیا ہے ۔ انھوں مسلح افواج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ہمیشہ عوام کو ضمیر ہونے کا ثبوت دیا ہے اور قوم اور عوام کے مطالبے پر پورا اترنے میں ایک لمحے کے لئے بھی کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔