بھٹکل کے قاضی صاحبان نے پنج وقتہ نمازیں گھروں میں ادا کرنے کا دیا حکم: جمعہ کی نماز بھی اس ہفتہ ادا نہیں کی جائے گی

01:41PM Tue 24 Mar, 2020

بھٹکل: 24  مارچ،2020 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک بھر میں پھیل رہی وبا اور حالات کی  سنگینی کودیکھتے ہوئے بھٹکل قاضی صاحبان نے آئندہ اعلان تک تمام مسلمانوں کو پنج وقتہ نمازیں گھر میں ہی ادا کرنے کا حکم دیا ہے اور اس ہفتہ جمعہ کی نماز ادا نہ کیے جانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی نے بتایا کہ یہ فیصلہ تمام اکابر علماء سے رائے مشوروں کے بعد حالات کی سنگینی اور عذر کو دیکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔ مولانا نے کہا کہ یہ دونوں جماعتوں کے قاضی صاحبان کا متفقہ فیصلہ ہے جس پر بھٹکل کے تمام مسلمانوں کو ضرور عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد میں اپنے وقت پر صرف اذان ہوگی۔ مولانا نے فرمایا کہ اللہ کی ذات سے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ عذر کی بنا پر گھر میں نماز ادا کرنے سے ثواب میں کوئی کمی نہیں فرمائے گا۔ مولانا نے اس موقع پر ذکر و دعا کی کثرت کرنے پر بھی زور دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم تمام کو اس مہلک بیماری سے محفوظ رکھے اور جو اس کا شکار ہوگئے ہیں انہیں جلد از جلد شفاء نصیب فرمائے۔ آمین