مودی کی ایل کے اڈوانی اورمرلی منوہرجوشی سے ملاقات، پیرچھو کر لیا آشیرواد

11:28AM Fri 24 May, 2019

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی زبردست جیت کے بعد وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امت شاہ نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیراعظم لال کرشن اڈوانی اور بی جے پی کے سابق صدر مرلی منوہر جوشی کے گھر جاکران سے ملاقات کی اوردونوں لیڈروں کے پیر چھوکر آشیرواد لیا۔ مودی نے دونوں ملاقاتوں کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔ نریندرمودی ، امت شاہ کے ساتھ سب سے پہلے 27، پرتھوی راج پر واقع ایل کے اڈوانی کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ اڈوانی نے ان کا دروازے پراستقبال کیا اورنریندرمودی نے پوری عقیدت کے ساتھ جھک کر دونوں ہاتھوں سے ایل کے اڈوانی کے پیر چھوئے۔اڈوانی اس سے جذباتی ہوگئے اور انہوں نے نریندرمودی کو دونوں ہاتھوں سے آشیرواد دیا۔ نریندرمودی نے ٹوئٹر پر لکھا ’محترم اڈوانی جی کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی۔ آج بی جے پی کی یہ کامیابی ممکن ہوئی ہے کیونکہ ان ( اڈوانی) کے جیسے ععظیم لوگوں نے پارٹی کو بنانے اور لوگوں کے سامنے نئی سوچ پیش کرنے کے لئے دہائیوں محنت کی ہے۔ خیال رہے کہ دونوں لیڈروں میں نظریاتی اختلاف رہے ہیں۔ کبھی پارٹی کے سب سے طاقتورلیڈروں میں شامل رہے ایل کے اڈوانی نے اس بار لوک سبھا کا الیکشن نہیں لڑا اور سرگرم سیاست کو اب تقریباً پوری طرح خیرباد کہہ چکے ہیں۔اڈوانی سے ملاقات کے بعد پی ایم مودی اورامت شاہ کی جوڑی رائے سینا روڈ پر ڈاکٹر جوشی کے گھر پہنچی۔ ڈاکٹر جوشی نے وزیراعظم کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ وزیراعظم نے ان کے پیر چھوکر آشیرواد لیا اور ڈاکٹر جوشی نے اپنے ہاتھ سے انہیں مٹھائی کھلائی۔