ضمنی انتخابات میں مخلوط پارٹی کے امیدواروں کو سی پی آئی کی تائید
01:54PM Sun 21 Oct, 2018
بنگلورو۔21؍ اکتوبر( سالار نیوز) ریاست میں ہورہے ضمنی انتخابات میں بائیں بازو کی پارٹیوں نے کانگریس اور جے ڈی ایس پارٹی کے امیدواروں کوتائید کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔کے پی سی سی کے صدر دنیش گنڈو راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے بائیں بازو پارٹیوں کے قائدین نے کہا کہ ہم نے سکیولر موقف رکھنے والی کانگریس اور جے ڈی ایس کو حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ خود کے کارکنوں کی چھاپ رکھنے والی بائیں بازوکی پارٹیوں کے قائدین سی پی آئی سے تعلق رکھنے والے اننت سبا راؤ ، پی وی لوکیش ، ناگ بھوشن راؤ ، ایچ کے رام چندرپا ، وجئے بھاسکر سمیت دیگر نے آج گنڈو راؤ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے دنیش گنڈو راؤ نے کہا کہ سی پی آئی سمیت دیگر معاون پارٹیوں نے ضمنی انتخابات میں نہ صرف کانگریس کی تائید کا تیقن دیا بلکہ سیکولر امیدواروں کی انتخابی مہم میں شرکت کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ فرقہ پرست بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنا ہوگا ۔ سکیولر پارٹیوں کو متحد کرتے ہوئے ملک بھر میں ذات و دھرم کے نام پر تقسیم کرکے حکومت کرنے والی بی جے پی اور مودی کو سبق سکھانے کا وقت آگیا ہے ۔ اس مقصد کے تحت بائیں بازو نے بھی کانگریس اور جے ڈی ایس کی تائید کافیصلہ کیا ہے ۔ لوکیش نے کہا کہ بلاری لوک سبھا اور جمکھنڈی اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے پیش نظر کانگریس نے ہم سے تائید کا مطالبہ کیا تھا ۔ تب ہم نے مخلوط حکومت کے امیدواروں کوتائید کرنے کا فیصلہ کیا ۔