کرناٹک میں بی جے پی کا داخلی انتشارسامنے آیا، پارٹی لیڈروں نے یدی یورپا کے خلاف کھولا مورچہ

04:35PM Tue 28 Jun, 2016

بنگلور۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کرناٹک اکائی کے صدر بی ایس یدی یورپا کے طریقہ کار کے مسئلے پر پارٹی کا داخلی انتشار آج اس وقت سب کے سامنے آگیا جب سابق نائب وزیراعلی کے ایس ایشورپا اور لوک سبھا کے رکن پرہلاد جوشی کی قیادت میں برگشتہ سینئر لیڈروں اورممبران اسمبلی نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں میٹنگ کی۔ برگشتہ لیڈروں نے مسٹر یدی یورپا کے ذریعے مبینہ طور پر صلاح و مشورہ کے بغیر ڈسٹرکٹ یونٹوں میں پارٹی عہدیداروں سمیت کی گئی حالیہ تقرری پر ناراضگی ظاہر کی۔ اس میٹنگ میں سابق نائب وزیراعلی آر کے اشوک، سابق وزیر سریش کمار، سی ٹی روی اور کئی سابق ممبران اسمبلی شامل ہوئے۔ بی جے پی نے ریاست میں سال 2018 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں اقتدار میں پھر سے واپسی کے ہدف کے ساتھ مسٹر یدی یورپا کو ریاست کا پارٹی صدر مقرر کیا ہے لیکن سینئر لیڈروں نے پارٹی کی کور کمیٹی کا صلاح مشورہ لئے بغیر فیصلے کرنے کے لئے مسٹر یدی یورپا کے خلاف مورچہ کھول دیا ہے۔