شہزادہ سلمان کی امریکی ، برطانوی اور فرانسیسی وزراء دفاع سے ملاقاتیں
02:12PM Thu 21 Jul, 2016
سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے امریکی اور فرانسیسی وزراء دفاع ایشٹن کارٹر اور جان ایف لودریان سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ یہ ملاقاتیں داعش کے خلاف برسرجنگ بین الاقوامی اتحاد کے دوسرے اجلاس کے ضمن میں ، واشنگٹن کے قریب اینڈروز کے فضائی اڈے میں ہوئیں۔
دونوں ملاقاتوں میں اجلاس کے ایجنڈے میں شامل موضوعات کو ملاحظہ کرنے کے علاوہ مملکت اور دونوں دوست ممالک کے درمیان دوطرفہ بالخصوص دفاعی شعبے میں تعلقات کو زیربحث لایا گیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے واشنگٹن میں بدھ کی شام امریکی وزیردفاع ایشٹن کارٹر سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر دونوں شخصیات نے شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف جنگ اور اس میں بین الاقوامی اتحاد کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے واشنگٹن میں اپنی جائے اقامت میں برطانوی وزیر دفاع مائیکل والن سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ بالخصوص دفاعی شعبے میں تعلقات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بات چیت ہوئی۔
داعش کے خلاف برسرجنگ بین الاقوامی اتحاد کے دوسرے اجلاس کی کارروائی بدھ کی شام امریکی فوجی اڈے میری لینڈ میں شروع ہوئی جس میں سعودی وزیردفاع بھی شریک تھے۔
اجلاس میں داعش کے خلاف بین الاقوامی اتحاد کی کارروائیوں میں پیش رفت اور اس سے متعلق متعدد دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں شریک سعودی سرکاری وفد میں نائب ولی عہد کے علاوہ شاہی دفتر کے مشیر ڈاکٹر محمد عیسی ، شاہی دفتر کے مشیر اور وزیر دفاع کے دفتر کے نگران عام فہد العیسی ، شاہی دفتر کے مشیر رافت الصباغ، چیف آف جنرل اسٹاف کمیٹی جنرل عبدالرحمن البنیان اور وزیر دفاع کے عسکری مشیر بریگیڈیئر جنرل احمد عسیری شامل ہیں۔ ان کے علاوہ وفد کے ارکان میں شاہی دفتر کے مشیر ڈاکٹر عزام الدخیل، سعودی کابینہ کے سکرٹریٹ کے مشیر احمد الخطیب اور عراق میں خادم حرمین شریفین کے سفیر ثامر السبہان بھی شامل ہیں۔