کرناٹک کے لوگ جذباتی نہیں، سیاسی شعور رکھتے ہیں ٹیپو جینتی منانے حکومت کا فیصلہ درست۔ بی جے پی کو منھ کی کھانی پڑے گی۔ سدارامیا
01:50PM Fri 3 Nov, 2017
بنگلورو۔3؍نومبر (ذرائع/سالار) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پریورتن یاترا پر تنقید کرتے ہوئے ریاستی وزیراعلیٰ سدارامیا نے آج کہاکہ بی جے پی لیڈروں کا یہ ناٹک زیادہ دن نہیں چلے گا۔ ریاستی کانگریس حکومت کے خلاف نکالی گئی اس یاترا میں بی جے پی کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ ریاست کے لوگ بی جے پی کی حقیقت اچھی طرح جانتے ہیں۔ ریاست کے لوگ سیاست کی سوجھ بوجھ رکھتے ہیں۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ اور ریاستی صدر بی ایس ایڈی یورپا پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں جیل جاچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے رہائشی د فتر کرشنا میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سدارامیا نے 18؍ویں صدی میں میسور کے حکمران ٹیپوسلطان کی سالگرہ منانے ریاستی حکومت کے فیصلہ کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ یہ تقریب ہرسال منائی جائے گی۔ سدارامیا نے کہاکہ ریاست کے لوگ ان کی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ پچھلے ساڑھے چار سالوں کے دوران ان کی حکومت کئی عوام دوست اسکیموں کو جاری کرکے عوام کا دل جیت لیا ہے اور اگلے پانچ سال کے لئے عوام نے کانگریس ہی کے حق میں اپنا فرمان جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اپنی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے سدارامیا نے کہاکہ ان کی حکومت میں کہیں بھی بدعنوانی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی گھپلہ ہوا ہے۔ دراصل بی جے پی کے اکثر لیڈران بدعنوانی کے الزامات میں جیل جاچکے ہیں جن میں امیت شاہ اور ایڈی یورپا بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایڈی یورپا جب عوام کے سامنے جائیں گے تو انہیں بتانا ہوگا کہ وہ کیوں جیل گئے تھے؟ کوئی یوں ہی جیل نہیں جاتا عوام سب جانتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بی جے پی چاہے ایسے کتنے بھی یاترا نکالیں کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ہم 2018 کے اسمبلی انتخابات میں واضح اکثریت کے ساتھ اقتدار پر لوٹ آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے سمجھ میں نہیں آتا کہ کس نے اس یاترا کا پریورتن رکھا۔ دراصل یہ پریورتن نہیں یہ تیرتھ یاترا (مقدس سفر) یہ پاپ دھونے کی یاترا ہے۔ یہ یاترا بی جے پی لیڈروں کے لئے فرقہ پرستی سے سکیولر بننے کے لئے ہے۔ نیلامنی این راجو نے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آف کرناٹک کے عہدہ کا جائزہ لینے والی پہلی خاتون افسر ہیں۔ وہ عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ نے آج اعلیٰ پولیس افسروں کے ایک اجلاس کی بھی صدارت کرکے ریاست میں نظم وضبط کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔ سدارامیا نے کہا ہم اقتدار پر آنے کے بعد ریاست میں نظم وضبط کی صورتحال بہتر ہے۔ ہماری پولیس اپنا فرض اچھی طرح نبھارہی ہے لیکن بی جے پی فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کی پریورتن یاترا اور مجوزہ ٹیپوجینتی کے پیش نظر ہم نے پولیس افسروں سے آج تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اور دیگر چند تنظیمیں ٹیپوجینتی کی مخالفت کررہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ٹیپو سلطان کٹر مذہبی اور سنگ دل قاتل تھے جب کہ حقیقت یہ بالکل نہیں۔ ٹیپوسلطان ایک سکیولر حکمران ہونے کے ساتھ ساتھ ترقی پسند سلطان تھے جن کی کئی مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کرناٹک کے عوام اترپردیش یادیگر ریاستوں کی عوام کی طرح نہیں وہ سیاسی شعور رکھتے ہیں۔ ہمارے لوگ جذباتی نہیں۔ انہیں سکیولر اصولوں پر اعتماد ہے اور سیاسی شعور رکھتے ہیں۔