بنگلور میں منعقد" IAM GAURI"احتجاجی مظاہرے اور ریالی میں ایس ڈی پی آئی لیڈران اور کارکنان شریک رہے
04:24PM Wed 13 Sep, 2017
بنگلور ( بھٹکلیس نیوز ) ۔ صحافی و سماجی کارکن گوری لنکیش کے قتل کی مذمت میںThe Forum of Progressive Thinkers کے زیر اہتمام مختلف سماجی و سیاسی تنظیموں کے مشترکہ احتجاجی ریالی جو بنگلور شہر کے سٹی ریلوے اسٹیشن سے سینٹرل کالج گراؤنڈ تک نکالی گئی جس میں تقریبا 50ہزار افراد نے شرکت کی اس ریالی میں ایس ڈی پی آئی کے ریاستی عہداران ، ضلعی عہدیداران اور کارکنان کثیر تعداد میں شریک رہے۔اس موقع پر ایس ڈی پی آئی ریاستی جنرل سکریٹری عبدلمجید نے اپنی مذمتی تقریر میں کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ قبل صحافی گوری لنکیش کو ان کے رہائش گاہ کے قریب گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ گوری لنکیش ایک ایسی بے باک صحافی تھیں جو اپنی تحریروں اور تقریروں کے ذریعے فسطائی طاقتوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف آواز اٹھاتی آرہی تھی،ایسے بے باک اور حقیقی صحافت کی ذمہ داری نبھانے والی صحافی کا جس کسی نے بھی قتل کیا ہے وہ کڑی سے کڑی سزا کا مستحق ہے۔ ایس ڈی پی آئی ریاستی جنرل سکریٹری عبدالمجید نے اپنی تقریر میں حکومت کو اس بات کی طرف دھیان دلایا کہ اس سے قبل کرناٹک کے مشہور ترقی پسند مفکر ایم ایم کلبرگی کا بھی اسی طرح قتل کیا گیا تھا۔ ان کے قتل کے دو سال گذر جانے کے بعد بھی کرناٹک حکومت قاتلوں تک پہنچنے اور انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے فرقہ پرست اور سماج دشمن عناصر نے کرناٹک کے ایک اور ترقی پسند اور انسانیت کے لیے آواز اٹھانی والی بے باک صحافی کا قتل کردیا ۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیکر ایم ایم کلبرگی اور گوری لنکیش کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کے لیے اپنے تمام اختیارات کا استعمال کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوری لنکیش کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی نے نہ صرف کرناٹک میں بلکہ کرناٹک کے علاوہ ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا نیز اس عظیم ریالی اور احتجاجی مظاہرے کی کنوینر کے ۔ لیلا کو ایس ڈی پی آئی ریاستی و ضلعی عہدیداران اور کارکنان نے بھر پور حمایت کرتے ہوئے اس احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی ہے۔ ایس ڈی پی آئی قومی ورکنگ کمیٹی رکن ڈاکٹر عواد شریف نے اپنے مذمتی تقریر میں کہا کہ گوری لنکیش کا قتل اس لیے کیا گیا ہے کہ انصاف پسند اور بے باک صحافیوں اور ترقی پسند مفکرین کی آواز کو خاموش کیا جاسکے لیکن آج کے اس احتجاجی ریالی میں جس طرح تمام طبقات اور خصوصی طور پر نوجوان طبقہ شریک ہے اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ایک گوری لنکیش کی آواز کو ختم کرنے سے دشمنوں کے ناپاک منصوبے کھبی کامیاب نہیں ہونگے۔ اس احتجاجی مظاہرے میں ایس ڈی پی آئی ریاستی سکریٹریان ریاض فرنگی پیٹ، اکرم حسن، ریاستی ورکنگ کمیٹی رکن ابرار احمد سمیت منگلور ضلعی صدر حنیف خان،منڈیا ضلعی صدر محمد طاہر، رام نگر ضلعی صدر اور ٹمکورضلعی صدر شبیراحمد شریک رہے۔