بینک گھپلوں پر پارلیمنٹ میں جواب دیں نریندر مودی: کانگریس کا مطالبہ

03:44PM Mon 5 Mar, 2018

نئی دہلی۔ کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی پر پنجاب نیشنل بینک گھپلہ کے ملزمین نیرو مودی اور میہل چوکسی سے قریبی تعلقات کا الزام لگاتے ہوئے ان سے ان دونوں کو ملک واپس لانے کے لئے حکومت کے ذریعہ اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد اور نائب اپوزیشن لیڈر آنند شرما نے پارلیمنٹ احاطہ میں صحافیوں سے کہا کہ کانگریس کے اراکین نے پارلیمنٹ میں کام کاج روک کر اس معاملہ میں بحث کرانے کے لئے دفعہ 267 کے تحت نوٹس دیا تھا لیکن حکومت اس بارے میں معلومات فراہم کرنے سے بھاگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اس پورے معاملہ میں خود ہی پارلیمنٹ میں بات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک کے بعد ایک گھپلے ہورہے ہیں اور لوگوں کی محنت کی کمائی گھپلہ باز لیکر بیرون ملک فرار ہوجا رہے ہیں۔ کانگریسی لیڈروں نے کہا کہ وزیراعظم کا داووس میں نیرو مودی کے ساتھ ایک ہی فریم میں فوٹو ہے۔ دوسرے ملزم میہل چوکسی کو وزیراعظم خود ہی اپنی رہائش گاہ پر میٹنگ میں بلاتے ہیں اور اسے اس کے نام سے مخاطب کرتے ہیں۔ اس سے ان ملزمین کے ساتھ مودی کی نزدیکیوں کا پتہ چلتا ہے۔ ان لیڈران نے کہا کہ کہیں اسی نزدیکی کی وجہ سے تو ان ملزمین کے خلاف کاروائی نہیں ہورہی ہے۔
 آزاد نے کہا کہ بی جے پی یہ دعوی کرتی ہے کہ مودی دنیا بھر میں سب سے مقبول لیڈر ہیں۔ اگر یہ بات صحیح ہے تو اپنے اثرورسوخ کو استعمال کرتے ہوئے  مودی گھپلوں میں فرار ملزمین کو واپس کیوں نہیں لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک جاننا چاہ رہاہے کہ حکومت نیرو مودی، میہل چوکسی، جتن مہتا اور للت مودی کو واپس لانے کے لئے کس طرح کا اقدام کر رہی ہے۔