گزشتہ تین دنوں سے جاری بارشوں سے شہر سرینگر کی رہائشی کالونیوں کے گلی کوچے ہنوز زیر آب 

04:30PM Fri 10 Mar, 2017

کئی علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں سرینگر ۔(بھٹکلیس نیوز)مسلسل بارشوں کے نتیجے میں شہر کی بیشتر بستیوں اور رہائشی کالونیوں کے گلی کوچوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جسکی وجہ سے لوگوں کا عبور و مرور مشکل بن گیا ہے۔ بعض بستیاں اس حد تک پانی سے لبریز ہوگئی ہیں کہ مکینوں کا گھروں سے باہر نکلنا محال بن گیا ہے۔یہ صورتحال بالخصوص شہر کی اْن نئی کالونیوں میں دیکھنے کو مل رہی ہے ، جہاں پانی کے نکاسی کیلئے کوئی ڈرنیج سسٹم نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر سرینگر کے بیشتر علاقوں میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے جمع شدہ پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ اعجاز احمد بابا نامی مقامی باشندے نے بتایا،’’ہمارے گھروں کے باہر دو فٹ پانی جمع ہے ، ہم گھر سے باہر قدم رکھنے کی پوزیشن میں بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ حکام کو اس صورتحال سے باخبر کیا لیکن کوئی نتیجہ بر آمد نہیں ہوا۔ ہم گزشتہ دو دن سے یہاں پانی کی نکاسی کا انتظار کررہے ہیں تاکہ ہم راحت کی سانس لے سکیں۔‘‘بعض علاقوں می جمع شدہ پانی کی وجہ سے لوگ اس وجہ سے مضطرب ہوگئے ہیں ، کیونکہ یہ پانی مکانوں کی بنیادوں میں جذب ہورہا ہے۔ چھتہ بل کے غلام نبی خان نامی شخص نے نمائندے کو بتایا کہ اس علاقے میں’’ ستمبر 2014کے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ڈرنیج سسٹم فیل ہوگیا ہے کیونکہ سیلاب میں بہہ جانے والا سارا کوڑا کرکٹ ڈرینوں میں چلا گیا اور گزشتہ چھ ماہ کے دوران ان ڈرینوں کی صفائی وغیرہ نہ ہوجانے کی وجہ سے یہ مکمل طور بلاک ہوگئی ہیں ، جسکے نتیجے میں بارشوں کا سارا پانی ہمارے گلی کوچوں میں جمع ہوگیا ہے اور یہ پانی مکانوں کی بنیادوں میں جذب ہورہا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’سیلاب کی وجہ سے پہلے ہی ہمارے مکانوں کی بنیادیں کمزور پڑ گئی ہیں ، ہمیں خدشہ ہے کہ اگر پانی کی نکاسی کا فوری انتظام نہیں کیا گیا تو کئی مکانوں کے گرآئیں گے۔‘‘ اسی طرح کے خدشات کا اطہار قمروار کے باشندگان نے بھی کیا۔ اس دوران پروفیسر کالونی نسیم باغ کا ڈرنیج سسٹم ناکام ہوجانے کی وجہ سے بارشوں کا جمع شدہ پانی مکانوں کے صحنوں میں داخل ہوگیا ہے۔ مقامی باشندگان نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ حکام بار بار کی گزارشوں کے باوجود ڈرنیج سسٹم کو ٹھیک کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ، جسکی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس ضمن میں سرینگر میونسپل کارپوریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی نکاسی کا کام شدو مد سے جاری ہے۔کارپوریشن کے میکنکل سٹی ڈرنیج ڈویڑن کے آفیسر نے بتایا ،’’ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی نکاسی کیلئے 76ڈی واٹرنگ کام کررہے ہیں۔ اسکے علاوہ ڈیز ل پر چلنے والے 50موبائل پمپ کام پر لگے ہوئے ہیں۔