بیدر میں بچوں کو چاکلیٹ تقسیم کررہے شخص کو بھیڑ نے بچہ چور سمجھ لیا، پیٹ پیٹ کرلے لی جان

02:34PM Sun 15 Jul, 2018

بیدر: کرناٹک کے بیدر ضلع میں لوگوں نے بچہ چوری کے شک میں جمعہ کی شب ایک شخص کو پیٹ پیٹ کر مارڈالا گیا۔ وہیں اس کے دو دوست شدید طور پر زخمی ہوگئے ہیں۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت حیدرآباد کے باشندہ محمد اعظم کے طور پر ہوئی، جو طلحہ اسماعیل اورمحمد سلمان کے ساتھ سفر کررہے تھے۔ تینوں دوست ہانڈیکیرا گاوں میں ایک دوست کے گھر جارہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق تین لوگ جب ایک گاوں پہنچے تو انہوں نے اپنی کار روک کر چاکلیٹ خریدی اور بچوں کو دینے لگے۔ اس دوران وہاں کچھ مقامی لوگ جمع ہوگئے اور ان نوجوانوں کے اس قدم کی مخالفت کی۔ اتنا ہی نہیں ان کا ویڈیو بناکر واٹس اپ پر وائرل کردیا کہ وہ تینوں بچہ چور ہیں اور چاکلیٹ دے کر بچوں کو بہلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ جب نوجوان گاوں سے واپس لوٹ رہے تھے تبھی انہیں مرکی تھانے کے پاس روک لیا گیا۔ مقامی لوگوں نے ان کے ساتھ مارپیٹ شروع کردی۔ اس حادثہ کی اطلاع پاکر فوراً پولیس موقع پر پہنچی اور بڑی مشکل سے تینوں کو بھیڑ سے بچایا۔ پولیس نے تینوں کو فوراً اسپتال پہنچایا، لیکن اعظم کی اسپتال میں موت ہوگئی۔ وہیں اس کے دو دیگر دوستوں کا فی الحال علاج چل رہا ہے۔ بیدر کے ایس پی ڈی دیو راج کے مطابق سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کئے جانے کے سبب یہ حادثہ ہوا۔ ویڈیو بھیجنے والے شخص امر پاٹل اور گروپ ایڈمن منوج سمیت اس تشدد میں شامل 30 دیگر لوگوں کو گرفتار کیا گیاہے۔