بیدر میں ادارہ ادب اسلامی ہند بیدر کے زیراہتمام منعقدہ موضوعاتی مشاعرہ
03:31PM Tue 2 May, 2017
بیدر۔(بھٹکلی نیو)’’ جس طرح کے اشعار آج یہاں پیش کئے گئے ہیں ، وہ اگر نوجوانوں میں مقبول ہوجائیں تو شریعت اور مسلم پرسنل لاسے نوجوانوں کی محبت میں اضافہ ہوگا۔ میں اس کے لئے شعراء حضرات کو مبارک باد پیش کرتاہوں‘‘۔ یہ بات جناب محمدمعظم سابق امیرمقامی جماعت اسلامی ہند بید رنے کہی۔ وہ کل سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ ہال ، نورخان تعلیم بیدر میں ادارہ ادب اسلامی ہند بیدر کے زیراہتمام منعقدہ موضوعاتی مشاعرہ سے خصوصی خطاب کررہے تھے۔انھو ں نے مزید کہاکہ’’ مسلم پرسنل لا کی اہمیت وافادیت اور اس کے لئے اپنی جان بھی حاضر کرنے کا جذبہ اشعار میں ملتاہے۔ اور یہ نظمیں بڑی محنت ، عرق ریزی اور سنجیدگی سے کہی گئی ہیں۔ لیکن اس کے مخاطبین کو چاہیے کہ وہ اس کلام پر غور کرتے ہوئے مسلم پرسنل لاسے متعلق اپنے علم میں اضافہ کریں اور خدائی قانون کو بچانے کے لئے آگے آئیں۔‘‘مشاعرہ کے پہلے شاعر جناب منورعلی شاہدنے اس موضوعاتی مشاعرہ میں موضوع سے متعلق اپناکلام سنا کر سامعین کا دل موہ لیا۔ سید لطیف خلشؔ نے موضوع کو پیش کیا ۔ محمدحامد سلیمؔ نے سامعین کو اپنے مزاحیہ اور دینی اشعار سے محظوظ فرمایا۔ جناب ملک محی الدین کی نظم نے شرکاء کویہ سمجھانے میں کامیابی حاصل کی‘ ان کی شعری تراکیب شعریت سے مملو ہوتی ہیں اور ان کی نظموں کاآہنگ سامعین کو اپنی طرف کھینچتاہے۔ مسلم پرسنل لاء کے تناظر میں موصوف نے شاندار نظم پیش کی ۔بزرگ شاعر محمدکمال الدین شمیم ؔ نے ’’مسلم پرسنل لا اور امت کی صورتحال‘‘ سے متعلق 70سے زائد اشعار پرنظم کہی ہے جو 2حصوں پرمشتمل ہے۔نظم کا ایک حصہ کمال الدین شمیمؔ نے یہاں پیش کیا جس کو کافی پسند کیاگیا۔ میرؔ بیدری نے موضوع پران کے اشعار پر سامعین جھوم جھوم اٹھے ۔اور ادبی حصہ میں مسلم پرسنل لا بیداری مہم کے حوالے سے لکھاہوااپنا تازہ ترین یک بابی ڈرامہ’’جہادی لوگ‘‘ پیش کیاجس کو سامعین نے کافی پسند کیا۔ موضوع کو نبھانے کاملکہ محمدظفراللہ خان کے پاس بدرجۂ اتم موجودہے۔ جناب محمداقبال الدین انجینئر نے شریعت کے بارے میں اپنا مضمون پڑھ کر سنایا۔ ملک گیر شہر ت یافتہ پروفیسر رؤف خوشتربحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور دعوت دین کے حوالے سے اپناافسانہ ’’صحبت صالح‘‘ پیش کیا۔ افسانہ سراہاگیا۔ نظامت اور اظہار تشکر جناب اسلم پاشاہ قادری سکریڑی ادارہ ادب اسلامی ہند بیدر نے کیا۔جناب محمدظفراللہ خان ، محمدمجتبیٰ خان ناظم مہم، محمداکرم علی ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند بیدر، محمدفاروق پٹیل اور طلبہ نے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنایااور سبھوں کی ضروریات کا خیال رکھا۔ الحاج محمداکرام الدین، جناب شفیع ریاض القادری، مولانا محمدابرارخان انجینئر، محمدحسین سابق کمشنر بلدیہ،ممتاز مؤرخ عبدالصمد بھارتی ،افسانہ نویس مقیت قادری، سید یوسف ہاشمی ، محمدیونس خان ،ڈاکٹر نجیب الدین قاضی، جناب عبدالرؤف ، خضر انتصار لیکچرر، طہٰ کلیم صدیقی، عبدالمجید ٹیچر ، محمدعلیم الدین مدرس، سید منورحسین ہماؔ ، عبدالمقیت قریشی، حافظ محمد حنیف ، سید سلام اللہ خطیب وامام کمٹھانہ ، محمدعارف الدین، اسحق جنواڑکر، انجینئر مقصوداحمد ، فضل احمد اے پی سی آر، محمدشریف الدین، محمدیونس بینک، ڈاکٹر جمیل ہاشمی ، شیخ عبدالوحید، اور دیگر حضرات نے مشاعرہ میں شرکت کی ۔