’بابری مسجد کی باقیات ہمیں سونپی جائیں‘ بی ایم اے سی کا سپریم کورٹ سے مطالبہ

03:08PM Thu 26 Dec, 2019

نئی دہلی: بابری مسجد ایکشن کمیٹی (بی ایم اے سی) نے جمعرات کو سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کر کے مطالبہ کیا ہے کہ مسجد کی باقیات کمیٹی کے حوالہ کی جائیں۔ بابری مسجد ایکشن کمیٹی سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بابری مسجد کا کچھ حصہ اب بھی وہاں موجود ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق کمیٹی سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایودھیا کے بابری مسجد- رام جنم بھومی مقدمہ کی سماعت کے دوران کبھی بھی یہ ذکر نہیں کیا گیا کہ مسجد کی باقیات کا کیا بنے گا، لہذا جب باقیات کو ہٹایا جائے گا تو انہیں کمیٹی کو سونپا جائے۔
 بابری مسجد ایکشن کمیٹی ایودھیا کے بابری مسجد-رام جنم بھومی معاملہ میں سپریم کورٹ میں ایک کیوریٹیو پٹیشن بھی دائر کرنے جا رہی ہے۔ کیوریٹیو پٹیشن کے ساتھ ایک عرضی لگائی جائے گی، جس میں بابری مسجد کی باقیات حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔
قبل ازیں، 2 دسمبر کو ایودھیا کے بابری مسجد-رام جنم بھومی تنازعہ میں سپریم کورٹ میں پہلی نظرثانی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ ایک فریق ایم صدیقی نے عدالت میں 217 صفحات پر نظر ثانی کی درخواست دائر کی۔ صدیقی نے مطالبہ کیا تھا کہ آئینی بنچ کے اس فیصلہ پر روک لگائی جائے جس میں متنازعہ زمین کو رام مندر کے حق میں دے دیا گیا ہے۔