پاؤں کی قوت سے چلنے والی ماحول دوست واشنگ مشین تیار
04:07PM Thu 17 Dec, 2015
ٹورانٹو: پوری دنیا میں وسائل کی بچت اور ماحول دوست ایجادات مقبولیت حاصل کررہی ہیں اور اس ضمن میں ایک واشنگ مشین تیار کی گئی ہے جس پر پائیدان لگا ہے اس لیے یہ واشنگ مشین اسی طرح چلتی ہے جس طرح درزی پاؤں سے مشین چلاکر کپڑے سیتے ہیں۔
کینیڈا کے رہائشی چینی باشندی کی جاب سے تیار کی گئی یہ جدید واشنگ مشین کئی رنگوں اور ڈیزائن میں بنائی کی گئی ہے، اس کے اوپر شفاف پلاسٹک کا ڈھکنا اٹھا کر ایک وقت میں 2 کلوگرام وزن تک کے چھوٹے کپڑے ڈالے جاسکتے ہیں اور پھر اس میں پانی اور مائع صابن ڈال کر ڈھکنا بند کردیا جاتا ہے۔ اس کے بعد پاؤں سے پیڈل کو اوپر اور نیچے کرتے ہی واشنگ مشین کا اندرونی نظام گھومنے لگتا ہے اور کپڑے صاف ہوتے رہتے ہیں۔ واشنگ مشین کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے سفر اور پکنک وغیرہ کی صورت میں باآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے اس کے علاوہ یہ واشنگ مشین چھوٹے خاندان اور اکیلے افراد کے لیے بھی بہت موزوں ہے ۔
کینیڈا کی ایک چھوٹی کمپنی نے کراؤڈ فنڈنگ کے ذریعے اس مشین کے نمونے تیار کیے ہیں اور اگلے سال اسے فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس میں 5 سے 10 لیٹر پانی سما سکتا ہے اور 4 سے 5 کپڑے دھونے میں قریباً 10 منٹ لگتے ہیں۔ مشین کا نظام کچھ ایسے بنایا گیا ہے کہ اس میں پاؤں کی توانائی ضائع نہیں ہوتی اور اندرونی نظام بہت تیزی سے گھومتا ہے لیکن اس کی قیمت لگ بھگ 20 سے 24 ہزار روپے ہے اور کمپنی کے مطابق اگلے ورژن کی قیمت کم رکھی جائے گی۔