ایگزام وارئیرس: امتحان کی گھڑی میں مودی کے منتر

03:44PM Sat 3 Feb, 2018

امتحان کے دوران بچوں پر دباؤ اور تناو کے بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی مسلسل سوچتے رہے ہیں۔ گزشتہ سال اپنے ماہانہ پروگرام 'من کی بات' میں انہوں نے تفصیل سے اس بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔ ان کے من کی وہ بات اب کتاب کی شکل میں آ رہی ہے۔ اس کتاب میں نہ صرف سادہ اور عملی تجاویز دی گئی  ہیں، بلکہ وزیر اعظم نے خود اپنے تجربات کے ذریعے بھی بچوں کو سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ امتحان کی گھڑی سے کیسے نمٹا جائے۔ نہ صرف اسکولی امتحان بلکہ یہ کتاب تو زندگی کے امتحان کے لئے بھی مفید ثابت ہو گی۔ ایگزام وارئیرس کے عنوان سے اس کتاب کا اجرا ہفتہ کو وزیر خارجہ سشما سوراج اور فروغ انسانی وسائل کے وزیر پرکاش جاوڑیکر کے ہاتھوں ہو رہا ہے۔ پوری کتاب کا فوکس بچوں کو امتحان کے بھوت سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے  اور ذہنی تناو سے نجات حاصل کرنے کے طریقوں پر ہے۔
 
پچیس منتروں والی اس کتاب میں ایک جگہ مودی میزائل مین کلام کی مثال دیتے ہوئے کہتے ہیں، '' ایک امتحان کا نتیجہ کسی انسان کو جانچ نہیں سکتا۔ اے پی جے عبدالکلام فائٹر پائلٹ بننا چاہتے تھے، لیکن موقع چوک گئے۔'' مودی آگے کہتے ہیں کہ کلام امتحان میں ناکام ہونے کے بعد مایوس ہو کر بیٹھے نہیں بلکہ وہ عظیم سائنسدان بن گئے جنہیں ہم ابھی تک یاد کرتے ہیں۔ ایگزام وارئیرس' میں مودی کہتے ہیں کہ  مارکس اور مارک شیٹ کا مطلب محدود ہوتا ہے، لیکن اصل چیز ہے علم جو سب سے زیادہ اہم ہے۔ ایک آدمی کی زندگی کی صرف ایک امتحان کے نتیجہ بھر سے وضاحت نہیں کی جا سکتی۔ وہ کہتے ہیں کہ امتحان زندگی کے کئی اہم ترین مواقع میں سے ہے لیکن بس یہی زندگی کا کوئی اہم موقع نہیں ہے۔ چکنے کاغذ والی اس رنگین کتاب میں صرف ہدایت اور پیغام نہیں ہے، بلکہ یہ کتاب بات چیت کے انداز میں لکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں کئی طرح کی مشق اور ان کے لئے بھی جگہ چھوڑی گئی ہے جو اسکولی بچوں کے لئے نہ صرف دلچسپ ہوگی بلکہ انہیں انگیج بھی کرے گی۔ مودی کے تمام دوسرے کاموں کی طرح اس میں ڈیجیٹل کا جادو بھی شامل ہے۔ بچے ہوں یا ان کے والدین یا پھر اساتذہ، اس سے ہر شخص اپنے من کی بات کو فون کے ذریعہ وزیراعظم کے ساتھ ساجھا کر سکتا ہے۔ اس میں کسی اچھی ورک بک کی طرح بچے رنگ بھر سکتے ہیں اور موبائل سے کیو آر کوڈ کو اسکین کر کے اپنی تصویر وزیراعظم کو بھیج سکتے ہیں۔ کئی صفحات لکھنے کے لئے خالی چھوڑ دئیے گئے ہیں اور کئی اپنی تفصیلات دینے کے لئے۔ اس کتاب میں تقریبا 50 صفحات یوگا مشق کے ذریعہ خود کو تناو سے آزاد، تندرست رکھنے کے لئے بھی دئیے گئے ہیں۔ جس میں بچوں کو سادہ زبان میں الگ الگ آسن بھی بتائے گئے ہیں۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ وزیر اعظم نے امتحان دینے والے بچوں سے بات کی ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں انہوں نے اپنے 'من کی بات' پروگرام میں بچوں کو کہا تھا کہ انہیں 'امتحانات کو تہوار کی طرح دیکھنا چاہئے۔ انہوں نے والدین سے یہ درخواست بھی کی تھی کہ وہ اس کے لیے ضروری ماحول پیدا کرنے میں مدد کریں۔ 'انہوں نے والدین سے کہا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو جیسے وہ ہیں، ویسے ہی قبول کریں۔ ایگزام وارئیرس کے عنوان سے یہ کتاب پینگوئن اور بلیو کرافٹ فاؤنڈیشن نے شائع کی ہے۔ فی الحال یہ کتاب انگریزی میں ہے، لیکن جلد ہی اس کتاب کے کئی زبانوں میں آنے کا امکان ہے۔