دہلی پولیس نے ایم ایم خان قتل کیس میں کرن سنگھ تنور کو دی کلین چٹ

12:49PM Thu 16 Jun, 2016

نئی دہلی۔ این ڈی ایم سی کے لاء آفیسر ایم ایم خان کے قتل کے معاملے میں دہلی پولیس نے این ڈی ایم سی کے وائس چیئرمین کرن سنگھ تنور کو کلین چٹ دے دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خان کے قتل سے تنور کا کوئی لینا دینا نہیں۔ بتا دیں کہ اس معاملے میں پولیس نے ہوٹل كناٹ کے کردار کو مشکوک سمجھتے ہوئے اسے سیل کر دیا تھا۔ لیکن اب اس معاملے میں کرن سنگھ تنور کے کردار کو سرے سے خارج کردیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ اس میں شامل نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ ایک مہینہ پہلے جامعہ نگر علاقے کے جوہری فارم میں این ڈی ایم سی کے لاء آفیسر ایم ایم خان کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق ایم ایم خان کے قتل کی وجہ کناٹ پلیس کے ایک ہوٹل سے این ڈی ایم سی کو ہونے والی 140 کروڑ کی ریکوری تھی۔ جس کی فائل ایم ایم خان کے پاس تھی۔ اس معاملے پر ساؤتھ کے اسپیشل سی پی تاج حسن نے کہا کہ ایم ایم خان کا قتل ہوا تھا، کیس 24 گھنٹے کے اندر ہی حل کر لیا گیا تھا۔ ہم نے ہوٹل کے مالک اور 6 دیگر افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس معاملے پر تنور نے کہا کہ میں تو شروع سے ہی کہہ رہا تھا کہ اس معاملے کا مجھ سے کوئی لینا دینا نہیں۔ عام آدمی پارٹی کے دلیپ پانڈے، سریندر اور امانت اللہ نے مل کر میرے خلاف سازش کی تاکہ اصل ملزمین سے توجہ ہٹائی جا سکے۔ یہ لوگ دماغی طور پر بوکھلائے ہوئے ہیں۔ میں نے بہت سے لوگوں کے لئے خط لکھے لیکن ان لوگوں نے زبردستی مجھے اس معاملے سے جوڑ دیا۔ مجھے ہمیشہ سے پتہ تھا کہ جس دن انکوائری مکمل ہو گئی اس دن سچ سامنے آ جائے گا۔ یہ لوگ اپنی اوقات میں نہیں رہتے۔ ہر موضوع کو مودی جی کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ ان کا دماغ خراب ہے اور انہیں ٹریٹمنٹ کی ضرورت ہے۔ کسی پر بھی کوئی بھی الزام لگا دیں گے۔