بھٹکل میں کورونا سے مشتبہ تیسرے مریض کی رپورٹ بھی منفی نکلی؛ تعلقہ میں اب تک کوئی مثبت رپورٹ نہیں؛ اسسٹنٹ کمشنر
04:21PM Wed 18 Mar, 2020
بھٹکل: 18 مارچ،2020 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کورونا وائرس کے تعلق سے بھٹکل میں گردش کرتی افواہوں کے درمیان بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر نے راحت کی خبر دی ہے۔ انہوں نے میڈیا کو جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھٹکل میں تین مشتبہ افراد کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے تھے جس میں سبھی کی رپورٹ منفی آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تعلقہ میں کہیں پر بھی کورونا کا کوئی بھی مثبت کیس نہیں پایا گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے اس سلسلہ میں تعلقہ میں کی گئی احتیاطی تدابیر کے تعلق سے معلومات دیتے ہوئے کہا کہ تعلقہ میں دو تین مقامات پر خصوصی چیک پوسٹ بنائے گئے ہیں جہاں پر باہر سے آنے والوں کی اسکرینینگ کی جائے گی۔ اس کےعلاوہ عوام کو اس سے دور رکھنے کے لیے جاترا اور دیگر مذہبی پروگرامات کو منسوخ کرنے کی بھی بات کی گئی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے عوام کی بیداری کے لیے مختلف سرگرمیوں کے انجام دیے جانے کی بھی خبر دی۔