اُردو یونیورسٹی میں اورینٹیشن پروگرام برائے اساتذۂ دینی مدارس کا اختتام
03:50PM Sat 18 Feb, 2017
حیدرآباد، (بھٹکلیس نیوز) مر کز پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذۂ اردو ذریعۂ تعلیم،مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ، نئی دہلی کے اشتراک سے چلنے والا دینی مدارس کے اساتذہ کا اور ینٹیشن پروگرام اختتام کو پہنچا۔ 7؍ تا 16 فروری تک چلنے والا دس روزہ اورینٹیشن پروگرام کے اختتامی اجلاس کی صدارت ڈاکٹر شکیل احمد، نائب شیخ الجامعہ نے کی ۔اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے اساتذہ کو بھی تعلیم و تدریس کے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہو نا ضروری ہے اور اس سلسلے میں اردو یونیورسٹی ہر ممکن کو شش کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ اردو یونیورسٹی نے دینی مدارس کے فارغین کے لئے برج کورس کا آغاز کیا ہے تا کہ انہیں روایتی تعلیم حا صل کرنے اور یونیور سیٹیوں میں داخلہ لینے میں دشورای نہ ہو۔ اختتامی اجلاس کا آغاز مرکز کی ڈائرکٹر (کارگزار) پروفیسر ایچ خدیجہ بیگم کے خیر مقدمی کلمات سے ہوا۔ شہر حیدرآباد کے مختلف دینی مدارس کے شرکا نے تا ثرات پیش کر تے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے تر بیتی پروگرام مسلسل کیے جانے چاہئیں تا کہ مدرسوں کے اساتذہ کو جدید طریقۂ تدریس سے و ا قفیت حا صل ہو۔پروگرام کی کار روائی پروفیسر صدیقی محمد محمود اور مصبا ح الانظر، اسسٹنٹ پروفیسر ،سی پی ڈی یو ایم ٹی نے چلائی۔ شرکا میں اسناد کی تقسیم اور ڈاکٹر مظہر حسین خان کے ہدیہ تشکر کے ساتھ دس روزہ تربیتی پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔