اخبارات میں جاری اشتہارات کے تعلق سے وزیر صحت کی وضاحت
01:43PM Wed 1 Feb, 2017
بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز)وزیر صحت کے آر رمیش کمار نے بتایاکہ چند دن قبل پرائیویٹ اسپتالوں کے فیڈریشن کیلئے اخبارات میں جاری اشتہارات میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کے ذریعہ انہیں 150 کروڑ روپے واجب الاداہیں ، جبکہ صرف 80 کروڑ روپے واجب الادا تھے، جن میں سے 55کروڑ روپے جاری کردئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ سوپر اسپیشالٹی اسپتالوں کی فیس مقرر کرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ، جس میں پرائیویٹ اسپتالوں کے ڈاکٹروں کو بھی شامل کیاگیا ہے۔ ان کے مطابق سورنا آروگیہ سرکشا ٹرسٹ کے تحت 185 سے زائد اسپتالوں کارجسٹریشن ہوا ہے۔ اکثر اسپتالوں میں بغیر کسی مسئلے کے علاج جاری ہے، جبکہ صرف 26 اسپتالوں کے ذریعہ علاج کا سلسلہ بند کردیا گیا ہے۔اس خصوص میں تمام اضلاع سے اسپتالوں کی فہرست طلب کرتے ہوئے ان کا رجسٹریشن معطل کیاگیا تھا۔ جس کے بعد 6اسپتالوں نے غیر مشروط طور پر دوبارہ علاج کی سہولت کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت ان کا رجسٹریشن بحال کرنے کا فیصلہ لیا گیاہے۔