مانجھی نے ٹھکرائی لالو کی پیشکش ، مودی سے کی ملاقات

01:05PM Thu 28 May, 2015

بھٹکلیس نیوز / 28 مئ، 15 نیو دہلی / (یو این آئی) بہار کے سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔یہ ملاقات وزیر اعظم کی رہائش گاہ 7 – ریس کو رس پر ہوئی۔بہار میں سیاسی سرگرمیوں کے درمیان مودی اور مانجھی کی اس ملاقات کو انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ذرائع سے ملی معلومات کے مطابق مودی اور مانجھی کے درمیان بہار میں انتخابات کے لیے اتحاد کو لے کر با ت چیت ہوئی ہے ۔مانجھی ایک دو دن کے اندر بی جے پی کے کئی بڑے لیڈروں سے ملاقات کر سکتے ہیں۔اس سے قبل آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو مانجھی کو پارٹی میں آنے کی پیشکش کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ نتیش کمار کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے نہ صرف کچھ مہینے پہلے مانجھی کو بہار میں وزیر اعلی کا عہدہ چھوڑنا پڑاتھا بلکہ جے ڈی یو نے انہیں پارٹی سے بھی نکال دیاتھا ۔بہار میں ستمبر-اکتوبر میں انتخابات ہونے ہیں۔ ذات پات پر مبنی ووٹوں کو اپنی جانب کھینچنے کے لیے تمام پارٹیوں میں مہادلت لیڈر جیتن رام مانجھی کو اپنے ساتھ کرنے کی دوڑ تیز ہو گئی ہے۔2014میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں جے ڈی یوکو 25فیصد مہادلت ووٹ کا ساتھ ملا تھا۔جے ڈی یو کے اس ووٹ کے پیچھے مانجھی بھی ایک وجہ رہے۔مانجھی مسہر ذات سے آتے ہیں اور یہ ذات گیا، جہان آباد، کھگڑیا، سپول اور ارریہ کی تقریبا 30سیٹوں پر فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے ۔اس کے علاوہ شاہ آباد اور چمپار ن کی تقریبا ایک درجن سیٹوں پر بھی اس ذات کا اثر ہے۔مانجھی اگر بی جے پی کے ساتھ جاتے ہیں یا الگ بھی لڑتے ہیں تو دونوں صورت میں فائدہ بی جے پی اتحاد کو ہی ہوگا۔ میڈیا نے جب جیتن رام مانجھی نے دہلی میں وزیر اعظم سے ملاقات کی وجہ جاننے کی کو شش کی تو انہوں نے کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا؟انہوں نے بس اتنا کہا کہ میں نے وزیر اعظم سے 25مئی سے 29؍مئی کے درمیان ملاقات کا وقت مانگا تھا۔انہوں نے مجھے وقت دیا اس لیے ان کا شکریہ۔میں کسی سیاسی مقصد کے لیے نہیں آیا تھا۔ملاقات کی ایک ہی وجہ ہے کہ بہار میں کسانوں نے خود کشی کرنی شروع کر د ی ہے۔آزادی کے بعد پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ بہار کے کسان خودکشی کر رہے ہیں۔انہی کے مسائل سے آگاہ کرنے کے لیے میں نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ دوسری طرف نتیش کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے بہار میں مانجھی کو جنتا پریوار میں لانے کی کوشش کر رہے لالو پرساد کی کوشش کامیاب ہوتی نظر نہیں آ رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق، لالو پرساد کے کہنے کے باوجود نتیش کمار مانجھی کے ساتھ ہاتھ ملانے کو تیار نہیں ہے۔اس درمیان، مانجھی نے بھی صاف کر دیا ہے کہ وہ نتیش کو چھوڑ کر بہار میں کسی کے ساتھ ہاتھ ملا سکتے ہیں لیکن جے ڈی یو کے ساتھ مل کر وہ الیکشن نہیں لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد اگر کسی کو حمایت دینے یا لینے کی ضرورت پڑی تو میں اس پارٹی کے ساتھ جاؤ ں گا جہاں نتیش کمار نہیں ہوں گے۔