دعاء کا طویل ہونا ہی ہماراذخیرۂ آخرت !مصطفی رفاعی جیلانی ندوی
02:08PM Thu 2 Feb, 2017
سہارنپور۔(بھٹکلیس نیوز)جامعہ رحمت گھگرولی سہارنپور میں ماہانہ مجلس ذکر کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت آل انڈیا ملی کونسل کے قومی صدر ورکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ عاشق ملت حکیم مولانا محمد عبداللہ مغیثی نے کی او رمہمان خصوصی کے طور پر بنگلور کے مشہور عالم دین خانقاہ رفاعیہ کے سجادہ نشیں ، خلیفۂ مفکر اسلام شاہ قادری سید مصطفی رفاعی جیلانی ندوی موجود رہے، اولاً جامعہ ہذا کے روح رواں مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی ضلع صدر آل انڈیا ملی کونسل نے مہمان خصوصی کا مختصر تعارف کرایا اور ذکر کی عظمت و اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی، اس کے بعد مہمان خصوصی نے اپنے اثر انگیزخطاب میں اللہ کے سامنے گڑگڑانے اور اس سے مانگنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ بندہ کی طلب کی فہرست طویل ہونی چاہئے، کیونکہ ہر مسلمان کا یہ عقیدہ ہے کہ ہر دعاء قبول ہوتی ہے، لہٰذا دعاء جتنی طویل ہوگی اتنی ہی زیادہ ذخیرۂ آخرت بنے گی ۔ بنگلور کے مشہور عالم دین خانقاہ رفاعیہ کے سجادہ نشیں ، خلیفۂ مفکر اسلام شاہ قادری سید مصطفی رفاعی جیلانی ندوی نے زور دیکر کہا کہ اللہ کا ذکر ہی سب سے اعلیٰ اور مقدم ہے اللہ کے کلام کو دل سے دہراؤ اور دین و دنیامیں فلاح پاؤ نیز انہوں نے دور دراز سے تشریف لائے ہوئے صدر محترم کے متعلقین و مریدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہل اللہ کی صحبت ہی زندگی کا رخ موڑنے کا کارآمد طریقہ ہے، جس کے بغیر اعمال صالحہ کی توفیق بہت کم ملتی ہے اس لئے اگر اعمال صالحہ پر مداومت چاہتے ہو تو اہل اللہ کی صحبت کو لازم پکڑو اور آج کے اس پرفتن دور میں ہر لمحہ سوچ سمجھ کر گزارنے کی ضرورت ہے، آج اہل اللہ کی صحبت کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے ۔ ان کے بعد صدر محترم نے مختصراً ذکر کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ اس خطہ کے لوگ انتہائی خوش نصیب ہیں کہ انہیں اہل اللہ کی صحبت قدرتی طور پر نصیب ہوئی اسی کی برکت ہے کہ آج اس علاقہ کے مسلمانوں کی اکثریت باشرع اور اسلامی لباس میں ملبوس نظر آتی ہے، اس کی ہمیں قدردانی کرنی چاہئے، کیونکہ ذاکرین قیامت کے دن بہت زیادہ اعزاز واکرام کے مستحق ہونگے، لوگ یہ سمجھیں گے کہ یہ انبیاء اور شہداء ہیں حالانکہ وہ وہ لوگ ہونگے جو دوردراز سے صرف اور صرف ذکراللہ کے لئے جمع ہوئے ہونگے، اس کے بعد صدرمحترم نے خاص طور پر اتحادواتفاق کی طرف متوجہ کراتے ہوئے کہا کہ اسی میں ہمارے مستقبل کی کامیابی پوشیدہ ہے۔ اس کے بعد جامعہ ہذا کے مغیثی کیلنڈر کا رسم اجراء عمل میں آیا اور مہمان خصوصی کو صدرمحترم اور مولانا ڈاکٹرعبدالمالک مغیثی کے ہاتھوں ان کی خدمات کااعتراف کرتے ہوئے مغیثی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا،مجلس کا اختتام صدر محترم کی پرسوز دعاء پر ہوا۔ اس موقع پر مولانا محمد اکبر سہس پور، مولانا رسال الدین حقانی، مولانا بشیر سنہٹی، مولانا الطاف گھاٹم پور، صوفی ساجد ،قاری جنید، مولا نا مرشد ، مفتی دلشاد، مولانا عرفان وغیرہ سینکڑوں لوگ موجود رہے۔