ششی کلا اور تیلگی اب عام قیدی شاہی مہمان نوازی اور دیگر سہولیات واپس

03:51PM Fri 21 Jul, 2017

بنگلور( بھٹکلیس نیوز) :۔ بنگلور کی پرپنااگراہار سنٹرل جیل میں اے آئی اے ڈی ایم کے کی جنرل سکریٹری کے وی ششی کلا نٹراجن اور جعلی اسٹاپ کاغذات گھوٹالہ کے اہم ملزم کریم لالہ تیلگی کو فراہم کردہ تمام سہولیات اور شاہی مہمان نوازی ختم کرکے انہیں عام قیدیوں کی طرح رکھا گیا ہے۔ محکمۂ قید خانہ کے نئے اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس این ایس میگھرک نے جیل کا دورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے جیل کا دورہ کیا ہے ۔ششی کلا اور تیلگی کو عام قیدیوں کے ساتھ رکھا گیا ہے۔اس سے قبل ان دونوں کو کیا خصوصی سہولیات فراہم کی گئی تھیں اس معاملہ میں انہیں کوئی جانکاری نہیں ہے۔البتہ اب انہیں عام قیدیوں کی طرح رہنا ہوگا اور انہیں کسی بھی طرح کی خصوصی سہولیات فراہم نہیں ہوں گی۔ ششی کلا کو شاہی مہمان نوازی کی سہولت فراہم کرانے کیلئے دو کروڑ روپےئے کی رشوت دئے جانے کا الزام لگایا ہے۔ وہ اس بارے میں کوئی جانکاری نہیں رکھتے اس معاملہ کی جانچ جاری ہے اور اس معاملہ مزید کچھ بدلنا پسند نہیں کریں گے۔ تیلگی اب معذور ہوچکا ہے اور چلنے پھرنے کے قابل نہیں ہے۔اسے وھیل چیر کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور ہائی کورٹ کے حکم پر اس کی خدمت کرنے کے لئے دو قیدیوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جیل خانوں میں باہر سے یا گھروں سے کھانا لانے کا نظام ختم کرایا گیا ہے اور تمام قیدیوں و جیل خانوں کا کھانا ہی کھانا پڑیگا ورنہ وہ بھوکے بھی رہ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ملاقات کے لئے آنے والے رشتہ داروں کے لئے بھی صرف 10منٹ کا وقفہ دیا جائے گا۔ منگلور اور بیلگاوی کی سنٹرل جیل میں قیدیوں نے جنم دن کی پارٹی اور دیگر پارٹیاں منائے جانے کا پتہ چلا ہے اور جیل خانوں میں کسی بھی طرح کی کوئی پارٹی نہیں ہوگی۔ اس کے لئے مدد کرنے والے جیل حکام کے خلاف کاروائی ہوگی۔ اس کے علاوہ تمام جیل حکام کے موبائل فونوں پر آنے والے اور جانے والے کالس کی جانچ ہوگی۔ تمام سنٹرل اور عام جیلوں میں سی سی ٹی وی لگائے جائیں گے اور جیلوں کے اندر ہورہی سرگرمیوں کاجائزہ لیا جائے گا ۔تمام جیلوں میں سدھار لانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔