سی اے سی کا اعلان: روی شاستری ہوں گے ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ

12:53PM Tue 11 Jul, 2017

نئی دہلی۔  سابق آل راؤنڈر اور کپتان روی شاستری آخر ٹیم انڈیا کے نئے کوچ بن ہی گئے اور ان کی یہ مدت 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ تک کے لئے ہو گی۔ شاستری کے کوچ بنتے ہی ہندستانی ٹیم کے کوچ کو لے کر چل رہی تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا ۔ نئے کوچ کے انتخاب کے لیے سوربھ گانگولی، سچن تندولکر اور وی وی ایس لکشمن کی تین رکنی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے کل ممبئی میں میراتھن اسٹائل میں پانچ امیدواروں کے انٹرویو لئے تھے۔ گانگولی نے شام کو پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ کوچ کے فیصلے کو فی الحال موخر کیا جا رہا ہے اور کوچ کا فیصلہ کپتان وراٹ کوہلی سے مشورے کے بعد ہوگا جو اس وقت امریکہ میں ہیں۔ لیکن منتظمین کی کمیٹی (سی اے سی ) کے صدر ونود رائے نے اس کے بعد سخت الفاظ میں کہا تھا کہ منگل کی شام تک کوچ کا اعلان ہو جانا چاہیے اور شام ہونے سے پہلے ہی کوچ کا اعلان ہو گیا۔ غور طلب ہے کہ سابق ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری کو سب سے مضبوط دعویدار مانا جا رہا تھا۔ اس کا سبب وراٹ کوہلی کو ان کے نام پر اتفاق جتانا بھی کہا جا رہا ہے۔ سابق کوچ انیل کمبلے کی چیمپئنز ٹرافی -2017 کے ٹھیک بعد استعفی دینے کی وجہ سے یہ عہدہ خالی ہو گیا تھا۔ (بشکریہ : نیوز 18)