اسمبلی سیشن کی کوریج کیلئے کرناٹک کا ٹی وی چینل ہوگا: روشن بیگ

04:05PM Thu 5 Mar, 2015

بھٹکلیس نیوز / 05 مارچ، 15 بنگلور ۔/(یو این آئی) کرناٹک کی جانب سے قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے سیشن کی کارروائی کے براہ راست ٹیلی کاسٹ کیلئے خود کا ٹی وی چینل شروع کیا جائے گا جیساکہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی ٹیلی کاسٹ کرنے کیلئے چینلس کام کررہے ہیں۔ کرناٹک کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ روشن بیگ نے آج یہ اعلان کیا۔ انھوں نے کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر بنگلور میں اس بات کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کاگوڈو تھماپا اور قانون ساز کونسل کے چیرمین ڈی ایچ شنکر مورتی نے حکومت کے اس اقدام پر ہری جھنڈی دکھادی ہے ۔ انھوں نے کہا ‘‘ہم نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا ٹی وی کے کوریج کا جائزہ لیا’ حکومت کے خود کے چینلس کے لیے مناسب آلات کے حصول کا اقدام جاری ہے ’’۔ جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ آیا کارروائی کو پیش کرنے پرائیویٹ چینلس کو اس سے روکا جارہا ہے تو بیگ نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جن قوانین پر عمل کیا جاتا ہے ان ہی قوانین پر کرناٹک اسمبلی اور کونسل میں عمل کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ میں بھی پرائیوٹ چینل کے کیمرہ مین کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی تاہم وہاں لگائے گئے کیمروں کے ذریعہ ہی مکمل کوریج اور اپ لنک پرائیوٹ چیانلس کو ان کے استعمال کیلئے دی جاتی ہے ۔ سیشن کے ٹی وی کوریج کا آغاز حکومت کے پاس زیر التواء مسئلہ تھا لیکن اب اس میں تیزی پیدا کردی گئی ہے ۔ یہ معاملہ ایوان میں قانون کے خلاف بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے سیل فون کے استعمال کے معاملہ کو پرائیوٹ ٹی وی چیانلس کی جانب سے قید کرنے کے بعد سامنے آیا ہے ۔ چینلس نے وزراء سمیت وزیراعلی کو اسمبلی سیشن کے دوران اُونگھتے ہوئے دکھایا تھا جس سے حکومت کو پریشان کن لمحات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تین سال قبل اس وقت کی بی جے پی حکومت کے 2 وزراء ایوان میں اہم مباحث کے دوران مخرب اخلاق ویڈیوز دیکھتے ہوئے پکڑے گئے تھے جس کے بعد اس وقت کی حکومت نے ان کو ایوان سے برطرف کردیا تھا۔ بی جے پی کا ایک اور رکن اسمبلی گزشتہ سال بلگام میں منعقدہ اسمبلی کے سرمائی سیشن کے دوران پرینکا گاندھی کی تصویر دیکھتا ہوا پکڑاگیا تھا۔ اس پر حکمراں کانگریس کے ارکان نے احتجاج کیا تھا اور اب اسمبلی سیشن کے دوران ایوان کے اندرارکان اسمبلی اور ارکان کونسل کے سیل فونس پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے ۔ ان ارکان اسمبلی و کونسل کو ایوان کے اندر داخل ہونے سے پہلے سکیوریٹی کے اہلکاروں کے پاس اپنے سیل فون جمع کرنے ہوتے ہیں۔ سیشن کے دوران میڈیا کی جانب سے بھی موبائلس کے استعمال پر پابندی لگادی گئی ہے ۔