خواتین واطفال کیلئے نئی پالیسی عنقریب
12:48PM Thu 2 Feb, 2017
بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز)محکمۂ بہبودئ خواتین واطفال کی پرنسپل سکریٹری اوما مہادیون نے بتایاکہ بچوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کیلئے محکمۂ بہبودئ خواتین واطفال اور یونسیف کے ذریعہ خواتین واطفال کیلئے موثر پالیسی جاری کرنے کیلئے مسودہ تیار کرلیا گیاہے۔ اس خصوص میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ بچوں پر ہورہے مظالم ، بچہ مزدوری اور جنسی ہراسانی کے واقعات پر روک لگانے کیلئے یہ اقدام کیاجارہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ بچوں میں موجود صلاحیتوں کا صحیح استعمال کرنے کی ذمہ داری اساتذہ اور والدین پر عائد ہوتی ہے۔ اس موقع پر چائلڈ رایٹ ٹرسٹ کے ایگزی کیٹیو ڈائرکٹر واسو دیو ورما نے بتایاکہ اس مسودہ میں بچوں کو مقوی غذا فراہم کرنے ، تعلیم وصحت اور ان کے تحفظ سے متعلق کئی امور شامل کئے گئے ہیں، جس کی منظوری کیلئے کابینہ کی سب کمیٹی قائم کی جانے والی ہے۔یونیسیف کی ماہر لکشمی گروراج نے بتایاکہ ریاست کے وجئے پور ، بلگاوی اور باگلوٹ سمیت مختلف اضلاع میں جنسی امتیاز بڑھتا جارہاہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ لڑکیوں کو تعلیم یافتہ بنانے کیلئے ان کو خود کفیل بنایا جاسکتاہے۔محکمہ کی ڈائرکٹردیپا چولن نے استقبال کیا، اس موقع پر ویمنس کمیشن کی چیرپرسن ناگ لکشمی بائی حقوق اطفال کمیشن کے چیرمین کرپا کے علاوہ دیگر موجود تھے۔